0
Saturday 23 Feb 2019 22:01

پشاور میں آئس فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 77 ملزمان گرفتار

پشاور میں آئس فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 77 ملزمان گرفتار
اسلام ٹائمز۔ پشاور پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے آئس نشہ فروخت کرنے والے 77 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی آپریشن ظہور آفریدی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملزمان تعلیمی اداروں کے ارد گرد آئس فروخت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان میں سے 9 کو اباسین یونیورسٹی، تھانہ پہاڑی پورہ، گورنمنٹ کالج چوک اور تھانہ فقیر آباد کی حدود سے گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر ملزمان تھانہ حیات آباد اور تھانہ خزانہ کی حدود سے گرفتار کئے گئے۔ ظہور آفریدی کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے 6 کلو گرام آئس برآمد کی گئی جس کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔ انہوں نے ایسے ملزمان کی رہائی روکنے کیلئے سخت قوانین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تکلیف دہ بات یہ ہے کہ یہ ملزمان ماضی میں بھی کئی بار گرفتار ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال اگست میں پشاور پولیس نے شہر بھر میں آئس فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تھا، تاہم پولیس کی طرف سے یہ شکایت کی گئی تھی کہ قوانین کی عدم موجودگی کی وجہ سے منشیات فروش باآسانی رہا ہو جاتے ہیں اور اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دیتے ہیں۔ ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ پولیس نے آئس فروشوں کے خلاف قانون سازی کیلئے صوبائی حکومت کو خط لکھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 779716
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش