0
Sunday 24 Feb 2019 20:34

اپنا استعفٰی ابھی وزیراعظم کو نہیں بھجوایا، فواد چوہدری

اپنا استعفٰی ابھی وزیراعظم کو نہیں بھجوایا، فواد چوہدری
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اپنے استعفے کا عندیہ دیا ہے۔ جہلم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اختلافات موجود ہیں تاہم انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے جلد ملاقات ہوگی جو ان کا حکم ہوگا وہی کروں گا۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ نعیم الحق کہتے ہیں کہ آپ کا استعفٰی وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہوا ہے۔ اس پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ معاون خصوصی نعیم الحق کو کچھ پتہ نہیں ہوتا۔ خیال رہے کہ کچھ روز قبل فواد چوہدری اور نعیم الحق کے درمیان ٹوئٹر پیغام پی ٹی وی میں تقرریوں کے معاملے پر لفظی جنگ چھڑ گئی تھی۔ نعیم الحق نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو پی ٹی وی اور اس کی انتظامیہ پر مکمل بھروسہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ بی بی سی کی طرز پر پی ٹی وی ایک آزاد ادارے کی طرح کام کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اسے یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کرے گی۔ اس ٹوئٹ کا جواب فواد چوہدری نے شاعرانہ انداز میں کچھ اس انداز میں دیا۔
‏ہوا ہے شاہ کا مصاحب پھرے ہے اتراتا
‏وگرنہ شہر میں غالبؔ کی آبرو کیا ہے
بعدازاں فواد چوہدری کے ٹوئٹ پر اپنے ردعمل میں نعیم الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی میں نئے آنے والوں کو عمران خان کے فلسفے کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک مضبوط نظریاتی تحریک ہے، تحریک انصاف کی کامیابی قیادت کے پر عزم ہونے کی وجہ سے ہے۔ نعیم الحق کے مطابق پارٹی قیادت نے انصاف اور شفافیت کا علم بلند کیا ہوا ہے، قیادت کے نظریہ کے مخالف کا پارٹی میں کوئی مستقبل نہیں۔ ایم ڈی پی ٹی وی کے ساتھ اختلافات فواد چوہدری کے کافی دن سے چلے آرہے ہیں۔ نعیم الحق کی جانب سے ایم ڈی پی ٹی وی کی حمایت سے دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات میں شدت آئی۔ فواد چوہدری نے ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے خط لکھا جس پر ایم ڈی اور پی ٹی وی کی جانب سے جوابی خط بھی لکھا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سرکاری نشریاتی ادارے میں بے ظابطگیوں پر آئی جی اسلام آباد کو تحقیقات کے لیے خط بھی لکھا۔ 
خبر کا کوڈ : 779855
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش