0
Monday 25 Feb 2019 18:35

پاکستان کے غیور عوام اسرائیل کو تسلیم کرنے کا گمان بھی نہیں کر سکتے، قاسم شمسی

پاکستان کے غیور عوام اسرائیل کو تسلیم کرنے کا گمان بھی نہیں کر سکتے، قاسم شمسی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی کا کہنا تھا کہ منظم سازش کے تحت اسرائیلی پے رول پر ملک میں صہیونی ناپاک ریاست اسرائیل کے گماشتے سرگرم ہو چکے ہیں اور عوام میں اسرائیل کیلئے ہمدردی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سید قاسم شمسی نے سابق صدر پرویز مشرف کے اس بیان پر کڑی تنقید کی جس میں بھارت کا مقابلہ کرنے کیلئے اسرائیل سے تعلقات بہتر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ مرکزی صدر نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے اسرائیل نوازی کی جا رہی ہے ہم یہ جانتے ہیں کہ ایک منظم سازش کے تحت اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ناکام کوشش کی جاری ہے، جس کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، ایسی گھناونی حرکتیں قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات و افکار کو نابود اور فلسطین کاز کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔

مرکزی صدر کا کہنا تھا ہم جانتے ہیں کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اگر کسی حکومتی وزیر کی جانب سے دوبارہ فلسطین کاز کو نقصان پہنچانے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کی گئی تو ملک میں عوامی ردعمل شدید ہو سکتا ہے، پاکستان کے غیور عوام نے ہمیشہ سے سامراج کی مخالفت کی ہے، اس لئے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا گمان بھی نہیں کر سکتے۔ قاسم شمسی نے کہا کہ اسرائیلی نوازی میں مگن عام لوگوں کو مختلف حیلے بہانوں سے اسرائیل کی ہمدردی کا درس پڑھانے والے یہ صہیونی گماشتے آخر کیوں بھول جاتے ہیں کہ صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل کے ستر سالہ ظلم و ستم کی بدترین تاریخ بھی موجود ہے۔ نئے پاکستان کی دعویدار حکومتی وزیر نے جرمنی میں اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے کا ارادہ ظاہر کیا لیکن بانی پاکستان کے اس فرمان کو فراموش کر دیا کہ ناجائز ریاست اسرائیل نہ صرف فلسطین کیلئے بلکہ دنیا بھر کے انسانوں کیلئے سنگین خطرہ رہے گی۔

مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان کے کارکنان القدس کو ہرگز فراموش نہیں ہونے دیں گے، فلسطین کا مسئلہ آج بھی عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ ہے، مسئلہ فلسطین صرف عرب دنیا کا ہی نہیں بلکہ پوری مسلم امہ اور انسانیت کا اولین مسئلہ ہے اور اس کے منصفانہ حل کے بغیر خطے سمیت عالمی امن قائم نہیں ہو سکتا۔ مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا وطن ہے، یہودیوں کا اس میں کوئی حق نہیں، ہم ہرگز کسی بھی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ قاسم شمسی کا کہنا تھا کہ جب سے نئی حکومت کا دور شروع ہوا ہے اسرائیل سے تعلقات کو قائم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں پاکستان بھر کی مذہبی تنظیمیں حکومت کی اس مذموم سازش کیخلاف متحد ہوکر اسرائیل کو قبول کرنے کی کوششوں کو ناکام بنائیں، پاکستان کے عوام اپنے عظیم قائدین کے سنہرے اصولوں کے مطابق فلسطین کو فلسطینی عوام کا وطن تسلیم کرتے ہیں اور اسرائیل کو بانیان پاکستان کے اصولوں کے مطابق جعلی اور غاصب ریاست سمجھتے ہیں اور اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات کو قطعا نظریہ پاکستان کی نفی اور آئین پاکستان سے غداری تصور کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرف نے اپنے دور حکومت میں بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کی مکروہ کوشش کی تھی، لیکن آئی ایس او پاکستان کے ملک گیر احتجاج سے حکومت کو اس گھناونے جرم سے دور رہنے پر مجبو ر کر دیا تھا، اب پھر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ موجودہ حکومت اس ایجنڈے کی تکمیل سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نظریہ سے انحراف کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے، جس کو اسرائیل سے زیادہ پیار ہے وہ اپنی پاکستانی شہریت منسوخ کروا کر اسرائیل میں جا سکتا ہے، لیکن اس مقدس سرزمین پر ہوتے ہوئے اسرائیل کے حق میں بولنے والوں کیلئے ارض مقدس تنگ کر دیں گے۔
 
 
 
 
خبر کا کوڈ : 779906
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش