0
Monday 25 Feb 2019 11:30

ضلع باجوڑ کے لیویز اور خاصہ داروں کا اپنی بحالی کیلئے دھرنا اسلام آباد میں چوتھے روز بھی جاری

ضلع باجوڑ کے لیویز اور خاصہ داروں کا اپنی بحالی کیلئے دھرنا اسلام آباد میں چوتھے روز بھی جاری
اسلام ٹائمز۔ قبائلی ضلع باجوڑ کے برطرف کئے گئے لیویز اور خاصہ دار فورس کے اہلکار گذشتہ چار روز سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں اور مطالبہ کررہے ہیں کہ سال 2008ء اور 2009ء کے دوران برطرف کئے اہلکاروں کو دوبارہ بحال کیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران دھرنے کے سربراہ سلمان نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے 2008ء اور 2009ء کے دوران معمولی معمولی غلطیوں کی بناء پر سینکڑوں خاصہ داروں اور لیویز اہلکاروں کو نوکریوں سے برطرف کردیا گیا تھا جس کے خلاف وہ عدالت پہنچ گئے، جہاں عدالت نے دو مرتبہ اُن کے حق میں فیصلہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2017ء کے دوران اُن کے حق میں دیئے گئے عدالتی فیصلے پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کسی قسم کے اقدامات نظر نہیں آرہے جس کے خلاف انہوں نے مجبوراً اسلام آباد میں دھرنا دے دیا۔ سلمان نے کہا کہ عدالت کی جانب سے انتظامیہ کو کمیٹی کے قیام اور برطرف کئے گئے اہلکاروں کو دوبارہ بحال کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے تاہم کمیٹی کی جانب سے صرف اُن اہلکاروں کو بحال کیا گیا جنہوں نے کمیٹی کے سربراہان لیویز سپرنٹنڈنٹ سلطان اور اُس کے اسسٹنٹ ظاہر جان کو بھاری بھرکم رشوت دی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی جانب سے صرف 4 افراد کو دوبارہ بحال کیا گیا اور وہ بھی رشوت کے عوض، جبکہ 150 اہلکار تاحال اس بناء پر دوبارہ بحال نہیں کئے گئے کیونکہ وہ اُنہیں رشوت دینے سے انکاری ہیں۔ دھرنے میں شامل لیویز اور خاصہ داروں نے وزیراعظم عمران خان سمیت ضلع باجوڑ کے اعلٰی حکام سے اپنی بحالی کا مطالبہ کیا اور دھمکی دی کہ اگر اُن کے مطالبات نہ مانے گئے تو یہ دھرنا جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 779913
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش