QR CodeQR Code

وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں 60 فیصد اضافہ کیا ہے جو اہم کامیابی ہے، سید مہدی شاہ

10 Jun 2011 20:23

اسلام ٹائمز:وزیر اعلی گلگت بلتستان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے لئے سالانہ ترقیاتی بجٹ کے تحت 7 ارب 26 کروڑ روپے جبکہ مختلف وفاقی ادارے رواں سال 28 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کرینگے


گلگت: اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں 60 فیصد اضافہ کیا ہے جو اہم کامیابی ہے۔ نئے مالی سال میں بجٹ 5 ارب 58 کروڑ 84 لاکھ روپے دیا جا رہا ہے جس میں سے 1 ارب 40 کروڑ روپے ٹھیکیداروں کو ادا کئے جائیں گے جو گزشتہ کئی سالوں سے واجب الادا تھے اسی طرح 60 کروڑ روپے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں اراضی کے معاوضے ادا کئے جائیں گے اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کے آغاز سے قبل زمین کے مالکان کو معاوضہ جات ادا کرنے کے بعد منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ چیف منسٹر ہاوس گلگت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں اضافہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم کی ذاتی دلچسپی کا مظہر ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور آئندہ سال ترقیاتی بجٹ میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں سپورٹس کو فروغ دینے کے لئے سٹیڈیم بنائے جائیں گے اور اس مقصد کے لئے فوری طور پر 12 کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں سالانہ ترقیاتی منصوبہ جات کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے 7 ارب 26 کروڑ روپے دیئے جائیں گے اور وفاقی حکومت کے مختلف اداروں کی طرف سے رواں سال میں گلگت بلتستان میں 28 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے جس سے خطے میں تعمیر و ترقی کے نئے باب کا آغاز ہو گا۔ اُنہوں نے کہا کہ عطا آباد جھیل کے مسئلے پر وفاقی حکومت کے سکریٹریز، ممبران قانون ساز اسمبلی کو بریفنگ دینگے جبکہ وفاقی حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے 110 ملین روپے دے رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 78001

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/78001/وفاقی-حکومت-نے-ترقیاتی-بجٹ-میں-60-فیصد-اضافہ-کیا-ہے-جو-اہم-کامیابی-سید-مہدی-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org