QR CodeQR Code

ہم نے ماضی میں بھی آمروں کا مقابلہ کیا تو اس وفاقی حکومت کا بھی مقابلہ کرسکتے ہیں، نثار کھوڑو

25 Feb 2019 19:45

کراچی میں شعبہ خواتین کے احتجاجی دھرنے سے خطاب میں پی پی رہنما نے کہا کہ سندھ والے بموں اور گولیوں سے نہ پہلے ڈرے ہیں او نہ اب ڈریں گے، وزیراعظم عمران خان نے قرضہ لینے پر خودکشی کرنے کا اعلان کیا تھا اب وہ اپنی خودکشی کی تاریخ دے دیں، لیڈرشپ نے کال دی تو ملک میں دما دم مست قلندر کرکے دکھائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی کو اسلام آباد سے غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا ہے، ہم نے ماضی میں بھی آمروں کا مقابلہ کیا تو اس وفاقی حکومت کا بھی مقابلہ کرسکتے ہیں، الزامات تو علیمہ خان، پرویز خٹک اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں پر بھی ہیں ان کو گرفتار کیوں نہیں کیا جاتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی جانب سے آغا سراج درانی کی گرفتاری کے خلاف ہونے والے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، راشد ربانی، شگفتہ جمانی، شاہدہ رحمانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی کے گھر میں نیب اہلکاروں نے گھس کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو نیب افسران اسپیکر کے گھر میں داخل ہوئے ان افسران کے خلاف کارروائی کی جائے، کسی کی ڈکٹیشن پر پیپلز پارٹی کو ہراساں نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام دشمن ہے، ہم نے ماضی میں بھی آمروں کا مقابلہ کیا ہے تو یہ وفاقی حکومت کیا چیز ہے، ہم اس کا بھی بھرپور مقابلہ کریں گے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ والے بموں اور گولیوں سے نہ پہلے ڈرے ہیں او نہ اب ڈریں گے، وزیراعظم عمران خان نے قرضہ لینے پر خودکشی کرنے کا اعلان کیا تھا اب وہ اپنی خودکشی کی تاریخ دے دیں، لیڈرشپ نے کال دی تو ملک میں دما دم مست قلندر کرکے دکھائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 780047

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/780047/ہم-نے-ماضی-میں-بھی-آمروں-کا-مقابلہ-کیا-اس-وفاقی-حکومت-کرسکتے-ہیں-نثار-کھوڑو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org