QR CodeQR Code

ثابت ہوگیا پلوامہ واقعہ میں بھارتی فوج و حکومت ملوث ہے، ثروت اعجاز قادری

25 Feb 2019 20:24

کراچی میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ بھارت کے سماجی رہنماؤں کا پلوامہ حملے پر مودی کے خلاف چارج شیٹ جاری کرنا، اس بات کا عندیہ ہے کہ مودی سرکار اب عوام کو بیوقوف اور حقائق کو چھپا نہیں سکتی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پلوامہ واقعہ کے حقائق سامنے آنے لگ گئے، راج ٹھاکرے کا پلوامہ حملے پر سوال اٹھانا اور قومی سلامتی کے مشیر کو تفتیش کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ، اب ثابت کر رہا ہے کہ پلوامہ واقعہ میں بھارتی فوج اور حکومت ملوث ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر مرکزی رابطی کمیٹی، ڈسٹرکٹ کمیٹی اور سیکٹر کنوینرز کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ بھارت کے سماجی رہنماؤں کا پلوامہ حملے پر مودی کے خلاف چارج شیٹ جاری کرنا، اس بات کا عندیہ ہے کہ مودی سرکار اب عوام کو بیوقوف اور حقائق کو چھپا نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف سچا ثابت ہوگیا، سابق بھارتی جنرل نے بھی انکشاف کر دیا کہ پلوامہ حملے میں بھارتی مواد استعمال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ حملے اور ڈرامہ کی ساری کڑیاں بھارت سے جڑی ہیں، پاکستان کے خلاف الزام تراشی اور نفرت انگیز بیانات پر بھارت اور بھارتی میڈیا پاکستان سے معافی مانگے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کو فوری بند کیا جائے، کشمیریوں کے قتل پر بھارت کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت انتہاپسند ملک ہے، جو مذہب کی آڑ میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے جان و مال سے خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور حکومت کی حکمت عملی نے بھارت کی ناپاک سازش کو خاک میں ملا دیا، بھارتی مکروہ چہرہ اب بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کے تحت بدھ کو بھارت مردہ باد احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا، کارکنان و عوام اس مظاہرے میں شرکت کرکے بھارت سے نفرت کا اظہار اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں، ابتدائی طور پر ملک بھر میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور سمینارز منعقد کئے جائینگے، بعد ازاں عوامی مارچ اور ریلیاں نکالی جائینگی۔


خبر کا کوڈ: 780050

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/780050/ثابت-ہوگیا-پلوامہ-واقعہ-میں-بھارتی-فوج-حکومت-ملوث-ہے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org