QR CodeQR Code

نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران حکومت بھی بچ نہیں سکے گی، خورشید شاہ

25 Feb 2019 21:29

سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت کی درخواست میرٹ اور صحت کے حوالے سے تھی، تاہم عدالت کا فیصلہ ہے، سب کو احترام کرنا چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت واقع ہی اچھی نہیں ہے، اگر انہیں کچھ ہوا، تو حکومت بھی بچ نہیں سکے گی، ان کی ضمانت کی درخواست میرٹ اور صحت کے حوالے سے تھی، تاہم عدالت کا فیصلہ ہے، سب کو احترام کرنا چاہیے، لیکن لگتا ہے کہ وہ ریویو پٹیشن میں جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں این آئی سی وی ڈی اسپتال کو ایک سال پورا ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت اور بعد ازیں پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اگر نواز شریف علاج کرانے این آئی سی وی ڈی میں آئیں اور صحت یاب ہو جائیں، تو ہمارے لیے اس سے بڑھ کر خوشی نہیں ہوگی کہ ایک سابق وزیراعظم نے بھی یہاں علاج کرانے کو ترجیح دی، تاہم یہ ان کی مرضی ہے کہ وہ کہاں سے علاج کراتے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ عمران حکومت بتائے کہ ان کے کن لوگوں کا احتساب ہو رہا ہے، ان کے وزیر کو تو بلٹ پروف گاڑی میں لے جایا گیا، مگر آغا سراج درانی کو بکتربند گاڑی میں زبردستی بٹھا کر لے جایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران حکومت کہتی ہے کہ اپوزیشن کو اس لیے نہ بلایا گیا کہ ان پر احتساب کے کیسز ہیں، تو پھر احتساب کا سب سے بڑا کیس وزیراعظم عمران خان پر تھا، ان کے پاس ہر شخص کیلئے الگ الگ قانون ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اس لیے دھمکیاں دے رہا ہے کہ وہ دیکھ رہا ہے کہ سیاستدانوں اور حکمرانوں میں لڑائی چل رہی ہے، تو فائدہ اٹھائے، لیکن ہمارے سیاستدان ملک کی سالمیت اور خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرینگے، تاہم حکمرانوں کو بھی سوچنا چاہئے۔


خبر کا کوڈ: 780062

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/780062/نواز-شریف-کو-کچھ-ہوا-عمران-حکومت-بھی-بچ-نہیں-سکے-گی-خورشید-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org