QR CodeQR Code

عمران خان اور صدر ٹرمپ علاقائی امن کیلئے ایک پیج پر ہیں، اسد مجید خان

26 Feb 2019 08:20

ری پبلکن رہنما ساجد تارڑ کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ بھارتی عدم دلچسپی کے باوجود پاکستان نے کرتارپور راہداری کھولی، عمران خان کا وژن ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لیے وزیراعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ ایک پیج پر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکا میں ری پبلکن رہنما ساجد تارڑ کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی عدم دلچسپی کے باوجود پاکستان نے کرتارپور راہداری کھولی، عمران خان کا وژن ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے۔ اسد مجید کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغان بحران کے حل میں امریکا کی مدد کرے، پاک امریکا تعلقات کبھی آسان نہیں رہے لیکن انتہائی اہم بھی ہیں۔

اس موقع ری پبلکن رہنما ساجد تارڑ کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان سے امریکا تمام معاملات پر بات کرنا چاہتا ہے۔ خیال رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان شدید تناؤ ہے، بھارت مسلسل پاکستان پر ہرزہ سرائی اور الزام تراشی سے کام لے رہا ہے، جبکہ ملکی عسکری قیادت نے واضح کردیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز آرمی چیف نے سیالکوٹ بارڈر کا دورہ کیا تھا، آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلے اور تیاریوں کو سراہا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مادر وطن کی حفاظت سے مقدس کوئی چیز نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 780113

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/780113/عمران-خان-اور-صدر-ٹرمپ-علاقائی-امن-کیلئے-ایک-پیج-پر-ہیں-اسد-مجید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org