0
Tuesday 26 Feb 2019 15:05

او آئی سی میں سشما سوراج کو بلایا جانا پاکستان کی توہین ہے، قومی اسمبلی

او آئی سی میں سشما سوراج کو بلایا جانا پاکستان کی توہین ہے، قومی اسمبلی
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے تھے کہ بھارت نے جارحیت کی تو سوچیں گے بھی نہیں اور سوچنا چاہیے بھی نہیں، ہم حالت جنگ میں آگئے ہیں، پارلیمنٹ بیٹھےاور فیصلہ کرے، ہمیں بھارت اور دنیا کو دکھانا ہے اور پورا ملک یکجا رکھنا ہے۔ بھارت اگر 40 کلومیٹر اندر آیا ہے تو ہم 80 کلو میٹر اندر داخل ہو جائیں۔ ہم بتائیں گے کہ جنگ اور الیکشن کیا ہوتا ہے پھر نریندر مودی کا الیکشن کا خواب کیسے پورا ہوتا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف نے کہا کہ جس طرح یہ حکومت چلا رہے ہیں ایسے حکومت نہیں چلتی، او آئی سی میں سشما سوراج کو بلایا جانا پاکستان کی توہین ہے سفارتی سطح پرہماری ناکامی ہے جو بھارتی وزیرخارجہ کو او آئی سی میں بلایا گیا، ہمیں اس معاملے پر او آئی سی کے اجلاس کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ سیاسی اختلافات کے باوجود پاکستان کے لیے ہم سب ایک ہیں، یہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہے، یہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، فوری مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ گزشتہ 5 سال میں پاکستان نے اسلامی تعاون کی تنظیم کی ہر پارلیمانی میٹنگ میں شرکت کی، لیکن اب پاکستان کو کسی صورت او آئی سی کے اجلاس میں نہیں جانا چاہیے، آو آئی سی کی ہمت کیسے ہوئی کہ اس نے بھارت کو گیسٹ آف آنر بلایا، کیا بھارت کو دعوت دینے سے پہلے کیا پاکستان سے پوچھا گیا تھا۔ ہمیں عزت سے جینا ہے یا بےعزتی کے ساتھ جینا ہے۔ بھارت کی طرح پاکستان کو بھی اپنی اشیاء کی برآمدات پر ڈیوٹی لگانے کی ضرورت ہے۔

وزیرمملکت پارلیمانی امورعلی محمدخان کا کہنا تھا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں بزدلانہ کارروائی کی، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت بزدلانہ حرکتوں سے باز نہ آیا تو جواب دینا جانتے ہیں، بھارت کے ہزاروں ٹکرے کر دیئےجائیں گے۔ جے یو آئی (ف) کے مولانا اسعدالرحمان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، ہم پاکستان کی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، حکومت کو اس حوالے سے ایک متفقہ پالیسی دینی چاہیے۔ ہمیں افواج پاکستان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے، بھارت او آئی سی کا رکن نہیں ہے، او آئی سی میں بھارتی ممبر کو مدعو کیا گیا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ ایوان کے رکن کی حیثیت سے فخر ہے کہ اس معاملے پر مکمل اتحاد کا مظاہرہ کیا گیا، اختلاف رائے ایک قدرتی عمل ہے، ہمیں حکومت سے اور حکومت کو ہم سے گلے شکوے ہوں گے لیکن جب ملکی سلامتی کا معاملہ ہوتا ہے تو ملک سب سے پہلے ہوتا ہے، بھارت میں اس وقت الیکشن ہیں ، مودی صاحب نے خطے کی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے، جب مقبوضہ کشمیر سے ردعمل آتا ہے تو پاکستان پر الزام لگادیا جاتا ہے، بھارت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش کررہا ہے۔ پاک فوج کے سربراہان کو بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بلایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 780206
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش