0
Tuesday 26 Feb 2019 09:59

عرب میڈیا میں رہبر انقلاب اسلامی سے بشار الاسد کی ملاقات کی بازگشت

عرب میڈیا میں رہبر انقلاب اسلامی سے بشار الاسد کی ملاقات کی بازگشت
اسلام ٹائمز۔ تہران میں رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے شامی صدر بشار الاسد کی سوموار کو ہونے والی ملاقات کے بعد عرب میڈیا نے اس خبر کو کوریج دینا شروع کر دی ہے۔ المیادین نیوز چینل نے اس ملاقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ شامی صدر بشار الاسد نے شام میں جنگی بحران شروع ہونے کے بعد پہلی مرتبہ تہران کا سفر کیا اور رہبر انقلاب آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای اور ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔ المیادین چینل نے رہبر معظم کے بعض بیانات کی طرف بھی اشارہ کیا۔ المنار ٹی وی چینل نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ امام خامنہ ای نے شامی صدر بشار الاسد کا خیر مقدم کرتے ہوئے دوطرفہ برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ پر بات کی۔ امام خامنہ ای نے شام کے صدر، قوم اور مسلح افواج کو دہشتگردوں پر فتح پانے پر مبارکباد پیش کی۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل نے بھی اپنی ویب سائٹ پر اس ملاقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد اپنے سرکاری دورے پر سوموار کے دن ایران آئے اور رہبر انقلاب اسلامی ایران سید علی خامنہ ای اور ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔ المسیرہ ٹی وی چینل کے مطابق صدر بشار الاسد نے اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ پر آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی قوم کو مبارکباد پیش کی جبکہ اس ملاقات میں دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے بارے میں گفتگو ہوئی اور دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے موجود گہرے برادرانہ تعلقات کو دشمن کے منصوبوں پر شام اور ایران کی فتح کا راز قرار دیا گیا۔ المسیرہ ٹی وی چینل نے رہبر معظم کا یہ بیان بھی نقل کیا کہ شام کے لئے ہماری حمایت دراصل مقاومت کی حمایت ہے اور اس پر ہمیں فخر ہے۔ الجزیرہ نیوز چینل نے بھی اس خبر کو کوریج دیتے ہوئے لکھا کہ ایران کے رہبر نے بشار الاسد سے ملاقات کے دوران ایران کی طرف سے شام کی حمایت کو امریکہ اور اسرائیل کی سیاست کے مقابلے میں مقاومتی بلاک کی حمایت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شام کی پائیداری نے علاقے میں امریکہ اور اس کے حلیفوں کے تمام تر منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ہے
خبر کا کوڈ : 780225
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش