0
Tuesday 26 Feb 2019 20:34

وزیراعظم کی بلنگ کی مد میں اضافی رقم گیس صارفین کو واپس کرنیکی ہدایت

وزیراعظم کی بلنگ کی مد میں اضافی رقم گیس صارفین کو واپس کرنیکی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے 30 فیصد گیس صارفین سے زائد بلنگ کے ذریعے وصول کی جانے والی رقم واپس کرنے کی ہدایت کردی۔ اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت گیس بلوں میں اضافے کے حوالے سے اعلٰی سطح اجلاس ہوا، جس میں عمران خان کو انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ پیش کردہ انکوائری رپورٹ میں یہ بات ثابت ہوئی کہ 30 فیصد گیس کے صارفین کو اضافی بل بھیجے گئے۔ خیال رہے کہ 4 فروری کو معاملے کی تحقیقات کے لئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس میں ایڈیشنل سیکرٹری (پالیسی) شیر افگن خان چیئرمین تھے۔ اراکین کمیٹی میں ڈائریکٹر جنرل (گیس) شاہد یوسف، ڈائریکٹر جنرل عمران احمد، جنرل مینجر بلنگ شامل تھے۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جن 30 فیصد صارفین کو اضافی بل بھیجے گئے ان کو وصول شدہ تمام اضافی رقم واپس کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ زائد بلنگ کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ 22 فروری کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گیس کے بلوں میں اضافہ عوام پر زیادتی قرار دیا تھا، جس کے بعد اپوزیشن اراکین نے ایوان میں گیس کے بل پھاڑ کر پھینک دیئے تھے۔ گذشتہ سال 19 اکتوبر کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سرکاری دفاتر، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں سمیت کمرشل صارفین کے لئے گیس کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ اضافہ کردیا تھا۔

رہائشی کالونیز، کیپٹو پاور پلانٹ، فلاحی اداروں، سرکاری دفاتر، ہسپتالوں، مسلح افواج کے میس، یونیورسٹیز، کالجز، اسکولوں اور نجی تعلیمی اداروں کے لئے ماہانہ گیس فکسڈ چارجز میں 3 ہزار 6 سو روپے کا اضافہ کردیا گیا تھا۔ ان تمام اداروں کے صارفین کے لئے گیس کے ماہانہ فکسڈ چارجز ایک ہزار 53 روپے سے بڑھا کر 4 ہزار 680 روپے کئے گئے۔ 28 اگست 2018ء کو گیس فراہم کرنے والی 2 کمپنیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ صارفین پر ڈالا جائے تاکہ ایک سو 23 ارب ڈالر کے گردشی قرضوں کو کم کیا جاسکے، جس کے باعث گیس کے پیداواری اور ترسیلی شعبے کو رقم کی کمی کا سامنا ہے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن کے احتجاج اور عوامی ردعمل کے نتیجے میں وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ خیال رہے کہ موسم سرما کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ ایک معمول ہے اور کئی سالوں سے موسم سرما کے دوران گیس کی کمی شہریوں کے لئے ایک مسئلہ بن جاتی ہے۔
گیس کی لوڈشیڈنگ سے جہاں صنعتی صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں گھریلو صارفین بھی پریشان نظر آتے ہیں۔ گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھریلو صارفین کو جہاں کھانا بنانے کے ساتھ ساتھ روزمرہ کے دیگر امور کو نمٹانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وہیں اس مسئلے کی وجہ سے ہوٹلوں کی انتظامیہ کو بھی شہریوں کی طلب کو پورا کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 780250
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش