QR CodeQR Code

ہندوستان کا رات کی تاریکی میں ہوائی حملہ بزدلانہ عمل اور باعث شرم ہے، مولانا فضل الرحمن

26 Feb 2019 21:31

لاڑکانہ میں تقریب ختم بخاری دستار بندی سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ دفاعی ادارے ہوائی حملے سے کیوں غافل رہے، وہ ادارے پارلیمنٹ میں آکر جواب دیں اور اس کے لئے قومی سلامتی کے اہم معاملے پر ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے، مشکل کی اس گھڑی اللہ پاک ہمیں ملکی سالمیت کی حفاظت کرنے کی توفیق عطا کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جامعہ اسلامیہ اشاعت القرآن لاڑکانہ کی جانب سے منعقدہ 51 عالموں اور 57 حافظوں کی رسم ختم بخاری دستار بندی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے جارحانہ انداز میں تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے تقریب ختم بخاری دستار بندی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے رات کی تاریکی میں ہوائی حملہ بزدلانہ عمل ہے اور باعث شرم بھی ہے، مگر دفاعی ادارے ہوائی حملے سے کیوں غافل رہے، وہ ادارے پارلیمنٹ میں آکر جواب دیں اور اس کے لئے قومی سلامتی کے اہم معاملے پر ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں دعاگو ہوں کہ مشکل کی اس گھڑی اللہ پاک ہمیں ملک کی سالمیت کی حفاظت کرنے کی توفیق عطا کرے۔

مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ جمیعت علمائے اسلام اور متحدہ مجلس عمل کی جانب سے ملین مارچ کا سلسلہ جاری ہے، ملین مارچ کا مقصد پاکستان کی اسلامی نظریات کا تحفظ کرنا ہے، اسلامی نظریات شہ رگ کو کاٹنے والے حکمرانوں کے ہاتھ کاٹ دیں گے۔ ان کہا کہ دل کی گہرائیوں سے دستار بندی کے اہل عالموں اور حافظوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ تقریب دستار بندی میں مولانا راشد محمود سومرو، مولانا محمد عثمان، مولانا امجد خان، ناصر محمود سومرو، اسلم غوری، مولانا حمیداللہ سیال سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، جبکہ مولانا فضل الرحمٰن نے بلوچستان سے آئے ہوئے پارٹی ورکر کا نکاح پڑھوایا۔


خبر کا کوڈ: 780265

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/780265/ہندوستان-کا-رات-کی-تاریکی-میں-ہوائی-حملہ-بزدلانہ-عمل-اور-باعث-شرم-ہے-مولانا-فضل-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org