QR CodeQR Code

ہمارے فوجی جوان کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہیں، بلاول بھٹو زرداری

26 Feb 2019 21:38

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہم مودی کے کھیل کا حصہ نہیں بننا چاہتے، سرحد کے دونوں طرف خطے میں امن کو پروان چڑھتے دیکھنا چاہنے والے لوگوں کو چاہیئے کہ وہ مزاج کو ٹھنڈا رکھنے پر زور دیں، کسی بھی مہم جوئی کا نقصان پاکستان اور بھارت کی بے گناہ عوام کو ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مقامی حریت پسندوں کے حملے کا جواب پاکستانی سرزمین پر فضائی حملہ کرکے دیا، ایسا 1971ء کے بعد پہلی بار ہوا ہے۔ بلاول نے مزید کہا کہ بھارت کی اس شرمناک اور بے مثل جارحیت کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی جانی چاہیئے، پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پوری قوم ہمارے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے جو کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہیں، وہ روزانہ کی بنیادوں پر ہم سب کو محفوظ رکھنے کیلئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی غیر مہذب ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت کی ہندو حکومت مقامی جنگی جنون کی بھوک مٹانے اور مودی کی انتخابی مہم میں مدد کرنے کیلئے دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کا خطرہ مول لے۔

بلاول نے یہ بھی کہا کہ خوشی ہوئی کہ اپوزیشن نے اس معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا ہے جو کہ ہر قسم کے فیصلوں کا مناسب فورم ہے، جو بھی فیصلہ لیا جائے گا قوم اس کے ساتھ کھڑی ہوگی، پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ وہ دور اندیشی کا مظاہرہ کرے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم مودی کے کھیل کا حصہ نہیں بننا چاہتے، سرحد کے دونوں طرف خطے میں امن کو پروان چڑھتے دیکھنا چاہنے والے لوگوں کو چاہیئے کہ وہ مزاج کو ٹھنڈا رکھنے پر زور دیں، کسی بھی مہم جوئی کا نقصان پاکستان اور بھارت کی بے گناہ عوام کو ہوگا۔ خیال رہے کہ بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے پاکستانی حدود میں داخل ہوکر بالاکوٹ میں مبینہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ پاکستان نے بھارت کے اس دعوے کو یکسر مسترد کردیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 780270

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/780270/ہمارے-فوجی-جوان-کسی-بھی-جارحیت-کا-جواب-دینے-کیلئے-مکمل-تیار-ہیں-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org