0
Tuesday 26 Feb 2019 22:00

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر بھارتی جارحیت پر قومی مؤقف اختیار کیا جائے، محمد حسین محنتی

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر بھارتی جارحیت پر قومی مؤقف اختیار کیا جائے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے بھارتی فضائی دراندازی کی سخت مذمت کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ وفاقی حکومت بھارتی جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر سفارتی کوششیں تیز کرنے کے ساتھ منہ توڑ جواب دینے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کرے۔ اپنے بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام جنگ نہیں امن چاہتے ہیں، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی واحد وجہ تنازعہ کشمیر ہے، اس کے حل کے بغیر خطہ میں قیام امن ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بھارتی ایئرفورس کی بین الاقوامی حدود کی خلاف دراندازی سے بھارتی جنگی جنون اور پاکستان کے خلاف بھارت کے جارحانہ عزائم کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، تاہم اگر بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی، تو پوری قوم سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر ملکی سالمیت کیلئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر بھارتی جارحیت کو جواب اور ایک قومی مؤقف اختیار کیا جائے۔ صوبائی امیر نے او آئی سی کے اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ کو بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے والی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے وزارت خارجہ کی پالیسیوں کی ناکامی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے والی بھارتی کوششوں کو ناکام اور مسئلہ کشمیر سمیت کشمیریوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم کو اقوام عالم کو آگاہ کرنے کیلئے سفارتی سطح پر کوششوں کو تیز کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 780280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش