QR CodeQR Code

بھارت کا پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا دعویٰ اقبال جرم ہے، معاملہ عالمی سطح پر اُٹھایا جائے، علامہ اقتدار نقوی

27 Feb 2019 08:15

ملتان میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، بھارت نے ڈرامہ رچایا، جلد شرمندہ ہوگا، اپنی افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، پوری قوم اپنی افواج کی پشت پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی طیاروں کی طرف سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کھلی جارحیت اور قابل مذمت فعل ہے، ہمیں اپنی افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہے اور پوری قوم اپنی محب وطن افواج کی پشت پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے، بھارت نے فیس سیونگ کیلئے ڈرامہ رچایا، بہت جلد وہ اپنے مضحکہ خیز دعوئوں پر شرمندہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا پاکستانی فضائی حدود کی خلاف کا دعویٰ اقبال جرم ہے، پاکستان اسی اعتراف کو عالمی سطح پر لے کر جائے اور ایک خود مختار ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے معاملے کو اٹھائے، پاکستان بااثر دوست ملکوں سے مل کر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلوانے کیلئے اقدامات کرے اور پوری دنیا کو بتایا جائے کہ پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ان خیالات اظہار اُنہوں نے ملتان میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، سید محمد علی زیدی، شبر رضا زیدی، اجمل حسین شاہ، ندیم عباس کاظمی، ثقلین نقوی، اسد عبا عسکری، مولانا ہادی حسین ہادی و دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت پر او آئی سی اور جملہ علاقائی اقتصادی فورمز پر بھی سنجیدہ بات ہونی چاہیئے، وزیر خارجہ کی طرف سے انٹرنیشنل میڈیا کو موقع پر لے جانے اور حکومت کی طرف سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی خوش آئند ہے، حکومت بین الاقوامی بارڈر کی سنگین خلاف ورزی کا معاملہ بلا تاخیر سفارتی سطح پر اٹھائے، بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی غیر معمولی اقدام ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، عالمی برادری اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے۔


خبر کا کوڈ: 780312

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/780312/بھارت-کا-پاکستانی-فضائی-حدود-کی-خلاف-ورزی-دعوی-اقبال-جرم-ہے-معاملہ-عالمی-سطح-پر-ا-ٹھایا-جائے-علامہ-اقتدار-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org