QR CodeQR Code

پاکستان کا بچہ بچہ بھارت کیخلاف اپنی مسلح افواج کیساتھ ہے، ملی یکجہتی کونسل

27 Feb 2019 14:18

اپنے ایک مشترکہ بیان میں ملی یکجہتی کونسل کے قائدین نے کہا ہے کہ او آئی سی میں بھارت کو مدعو کرنا سراسر زیادتی ہے، جسکی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اقوام عالم بھارت کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کی طرف متوجہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی فوج کے جذبوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور پاک فضائیہ کی حالیہ کارروائی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت اپنے جنگی جنون میں اندھے پن کا شکار ہوچکا ہے۔ اس کی طرف سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی ایک بڑی جنگ کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی قائدین ڈاکٹر ابوالخیر زبیر، لیاقت بلوچ، علامہ ساجد علی نقوی اور ثاقب اکبر نے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے کبھی جنگ کی بات نہیں کی بلکہ ہمیشہ خطے کے امن اور متنازعہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی بات کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر عالمی برادری کو آنکھیں بند نہیں کرنا چاہئیں۔ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی طرف سے حالیہ جارحیت بھارت کے جنگی جنون کا شاخسانہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ جس حکمت عملی کے ساتھ دشمنی کے حملوں کو پسپا کیا، پوری قوم اپنی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور اپنی افواج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے آج پاکستان کا بچہ بچہ بھارت کے خلاف اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت کو چاہیئے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور اپنے جارحانہ اقدام سے باز آجائے، ورنہ یہ جنگ خطے کے لیے نہایت خطرناک اور خوفناک ثابت ہوگی۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت دانشمندی کا مظاہرہ کرے اور ہندوستان کے عوام کو اپنی سیاست کی نظر نہ کرے۔ اگر بھارت نے اس موقع پر ہوش کے ناخن نہ لیے تو خطے کے اندر تمام تر تباہی کا ذمہ دار ہوگا۔ ملی یکجہتی کونسل کے قائدین نے مزید کہا کہ او آئی سی میں بھارت کو مدعو کرنا سراسر زیادتی ہے۔ جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اقوام عالم بھارت کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کی طرف متوجہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ ہم اپنی فوج کے جذبوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور پاک فضائیہ کی حالیہ کارروائی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ 


خبر کا کوڈ: 780409

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/780409/پاکستان-کا-بچہ-بھارت-کیخلاف-اپنی-مسلح-افواج-کیساتھ-ہے-ملی-یکجہتی-کونسل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org