QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کی بھارتی طیارے مار گرانے پر پاک فوج کو مبارکباد

27 Feb 2019 23:42

اپنے بیان میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ جمعہ یکم مارچ کو اس حوالے سے کراچی تا کشمور سندھ بھر میں پاک فوج کے حق میں اور بھارتی جارحیت کے خلاف مارچ و مظاہرے کئے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیارے مار گرانے پر پاک فوج کے شاہینوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کے ایک ایک انچ کی حفاظت کیلئے پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ ہے، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی ہدایت پر جماعت اسلامی تحفظ پاکستان مہم چلائی گی، جمعہ یکم مارچ کو اس حوالے سے کراچی تا کشمور سندھ بھر میں پاک فوج کے حق میں اور بھارتی جارحیت کے خلاف مارچ و مظاہرے کئے جائیں گے۔ اپنے بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ جنگ اور جنگی جنون ہرگز کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، جبکہ اسلام دنیا میں امن اور احترام انسانیت کا درس دینے والا دین ہے، اگر بھارت نے کسی جارحیت کا مظاہرہ کیا، تو پاک فوج کے شاہین اسی جرأت و بہادری کے ساتھ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ پوری قوم تمام سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر ملکی سالمیت کیلئے اپنی پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔ صوبائی امیر نے کہا کہ ہمیں اللہ پر توکل ہے، شوق شہادت، جذبہ جہاد اور ایمان کی دولت سے مالا مال قوم کو دنیا کی کوئی بھی ٹیکنالوجی شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں نیٹو فوج، فلسطین میں اسرائیلی فوج اور کشمیر میں بھارتی فوج ایمانی جذبہ رکھنے والوں سے شوق شہادت و جذبہ جہاد ختم نہیں کر سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کی واحد وجہ مسئلہ کشمیر ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت کا موقع دیئے بغیر پاک بھارت تعلقات کی کشیدگی کے خاتمے سمیت خطہ میں قیام امن ناممکن ہے۔


خبر کا کوڈ: 780453

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/780453/جماعت-اسلامی-کی-بھارتی-طیارے-مار-گرانے-پر-پاک-فوج-کو-مبارکباد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org