0
Thursday 28 Feb 2019 00:50

اسکردو میں آغا علی رضوی کی زیرصدارت کل جماعتی ہنگامی اجلاس، دفاع وطن و حمایت افواج پاکستان جلسے کا فیصلہ

اسکردو میں آغا علی رضوی کی زیرصدارت کل جماعتی ہنگامی اجلاس، دفاع وطن و حمایت افواج پاکستان جلسے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ موجودہ ملکی صورتحال پر ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے سیکرٹریٹ میں ایک اہم کل جماعتی ہنگامی اجلاس کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل و سربراہ عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان آغا علی رضوی کی صدارت میں رات گئے تک جاری رہا۔ اس ہنگامی اجلاس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے بھرپور شرکت کی۔ ان میں انجمن امامیہ بلتستان کے صدر و اسلامی تحریک کے رہنما آغا باقر حسین الحسینی، انجمن تاجران بلتستان کے صدر غلام حسین اطہر، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خواجہ مدثر، پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنماء و رکن جی بی کونسل وزیر اخلاق حسین، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء عبداللہ حیدری، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بلتستان ڈویژن کے صدر موسیٰ علی، الہدیٰ فاونڈیشن کے چیئرمین علی نوری، جی بی یوتھ کے صدر شفقت غازی، ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء شیخ احمد علی نوری، مولانا ذیشان، شیخ مبارک علی، آغا مظاہر موسوی، عبداللہ شکور سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس اجلاس میں ملکی موجودہ صورتحال پر تمام جماعتوں کے رہنماوں نے اظہار خیال کیا اور اس عزم کا بھرپور مظاہرہ کیا کہ ملکی سالمیت و استحکام کے لیے سب ایک ہیں اور تمام تر اختلافات کو پس پشت ڈال کر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔

اس اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آغا علی رضوی نے کہا کہ آج تمام محب وطن سیاسی و مذہبی جماعتوں کا جمع ہونا اور متحد ہوکر پاکستان کی سالمیت کے لیے اپنے قربانیوں اور عزم و ارادے کا اظہار کرنا ہی دشمن کی شکست کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کی سالمیت کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام جماعتیں اپنے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر پورے بلتستان کے عوام کو لیکر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کریں گے اور انکی پشت پناہی کے لیے ہر طرح کے اقدامات کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر انڈیا جو کہ اپنی شکست کے سبب بوکھلا گیا ہے اس خطے کی سرحدوں کی طرف بڑھنے کی کوشش کرے تو عوام بھرپور میں دفاع میں حصہ لیں گے اور دشمن کو معرکہ کرگل کی یاد تازہ کرائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلتستان کے تمام علاقوں میں عوامی سطح پر پاکستان آرمی سے اظہار یکجہتی کے لیے پروگرامات تشکیل دئیے جائیں گے اور اس سلسلے میں اسکردو میں مرکزی پروگرام یادگار شہداء اسکردو پر دفاع وطن و حمایت افواج پاکستان جلسے کا انعقاد ہوگا۔ اجلاس کے آخر میں تمام جماعتوں کے رہنماوں نے اس عزم کا ارادہ کیا کہ پاکستان کی سرزمین کی حفاظت کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اجلاس کے توسط سے پاکستان آرمی کے سربراہ تک یہ پیغام پہنچایا گیا کہ گلگت بلتستان کا ہر فرد پاکستان آرمی کے ساتھ کھڑا ہے اور دشمن کے کسی بھی حملے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
خبر کا کوڈ : 780470
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش