0
Thursday 28 Feb 2019 08:48

پاکستان کو مدینہ ثانی سمجھتے ہیں، ایک ایک انچ کی حفاظت کرینگے، تحریک لبیک

پاکستان کو مدینہ ثانی سمجھتے ہیں، ایک ایک انچ کی حفاظت کرینگے، تحریک لبیک
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی مجلس شوری کا اجلاس زیرصدارت قائم مقام امیر پیر قاضی محمود اعوان سبزہ زار لاھور میں منعقد ہوا۔ جس میں صاحبزادہ سعد رضوی، پیراعجاز اشرفی، علامہ فاروق الحسن، حفیظ اللہ علوی، علامہ غلام عباس فیضی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان کی سالمیت پر بھارت کا حملہ پوری دنیا کے مسلمانوں پر حملہ ہے.

پاکستانی سرحدوں کے اندر بھارتی جارحیت کے معاملے پر حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حملے کے معاملے کو عالمی سطح پر اٹھایا جائے، حکومت اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل میں اس معاملے پر آواز اٹھائے، بھارتی سیاست دان الیکشن جیتنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، الیکشن جیتنے کیلئے ہندو انتہاپسند سیاسی جماعتوں کی پاکستان مخالف انتخابی مہم خطے کے امن کیلئے مستقل خطرہ بن چکی ہیں، بھارت میں سیاستدانوں کو الیکشن جیتنا ہوتا ہے تو ملک میں جنگ کا سا ماحول بنا دیتے ہیں۔
 
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ بھارتی سیاست دان الیکشن جیتنے کیلئے ایسی آگ سے کھیل رہے ہیں، جن سے وہ خود بھی نہیں بچ سکتے، بھارتی جارحیت کی صورت میں ٹی ایل پی کا ایک ایک کارکن دفاع پاکستان کا محافظ ہے۔ قائم مقام امیر قاضی محمود نے کہا کہ اسلامی مملکت میں ہم پرائیویٹ جہاد یا جہاد کی نجکاری کے قائل نہیں ہیں، ریاست کی فوج کے ہوتے ہوئے کسی نجی تنظیم یا گروہ کو جہاد کے اعلان کا حق نہیں، ہم اسلامی ریاست کی فوجی سرگرمیوں کو ہی جہاد سے تعبیر کرتے ہیں۔ اسلامی سرحدوں کی حفاظت کرنیوالے پاک فضائیہ کے مجاہدین کی وجہ سے بھارتی حملہ ناکام ہوا، بھارتی جارحیت کو ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔

پیر قاضی محمود اعوان نے مزید کہا کہ بھارتی حملے کی اطلاع آتے ہی سوشل میڈیا پر لبرل لابی نے اپنی اصلیت دکھا دی اور پاک فوج کو کوسنا شروع کر دیا، لبرل لابی نے پاک فوج اور پاکستانی شہریوں کا مورال ڈاؤن کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن تحریک لبیک کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کی وجہ سے لبرل لابی ناکام رہی۔ لبرل سیکولر لابی کی ملک دشمنی عیاں ہوچکی ہے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارتی حملے سے متعلق گمراہ کن اور منفی اطلاعات پھیلانے والے عناصر کیخلاف کارروائی کی جائے۔ ہم پاکستان کو ’’مدینہ ثانی‘‘ تصور کرتے ہیں، اس لیے اس ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 780483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش