QR CodeQR Code

کشمیری حریت پسندوں کیخلاف بھارت کا رویہ تشویشناک ہے، میرواعظ عمر فاروق

28 Feb 2019 12:35

حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین نے کہا کہ ایک مذموم مہم کے تحت کشمیریوں کی حق و انصاف پر مبنی رواں جدوجہد کو کمزور اور یہاں منافرت کی فضا کو بڑھاوا دیا جارہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے دہلی پر کشمیر کو انتخابی سیاست کیلئے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے این آئی اے کے چھاپوں کو بے جا قرار دیا ہے۔ ادھر پولیس نے میڈیا نمائندوں کو کل میرواعظ عمر فاروق کی پریس کانفرنس میں شمولیت کرنے کی اجازت نہیں دی۔ بھارتی تفتیشی ایجنسی ’’این آئی ائے‘‘ کی طرف سے منگل کو حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کل اپنی رہائش گاہ واقع نگین میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا تھا، تاہم جب بیسوں نامہ نگار اور فوٹو جرنلسٹ میرواعظ عمر فاروق کی رہائشگاہ پر پہنچے تو وہاں پہلے سے موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔

ذرائع ابلاغ سے وابستہ نامہ نگار اور فوٹو جرنسلٹ اگرچہ کافی دیر وہاں موجود رہے تاہم پولیس نے انہیں واپس جانے کی صلاح دی، جس کے نتیجے میں مشترکہ مزاحمتی قیادت کے سینئر لیڈر میرواعظ عمر فاروق پریس کانفرنس نہیں کر پائے۔ میرواعظ عمر فاروق نے حکمرانوں کے اس اقدام کو ’’آمریت کا بدترین مظاہرہ اور جمہوریت کی بیخ کن‘‘ قرار دیتے ہوئے  مذمت کی۔ بھارت اور پاکستان کو تناؤ اور کشیدگی کے ماحول کو ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی دہلی، کشمیر کو انتخابی مفادات کیلئے ایک نا اہل بچے کی طرح تصور کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے لہٰذا بھارتی حکومت خطے میں جنگی جنون کو ہوا دینے کے بجائے اس مسئلہ کو پرامن اور جامع مذاکرات کے ذریعہ حل کرے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل میں تاخیری حربے ہر گزرتے دن کے ساتھ اس پورے خطے کو مزید سیاسی عدم استحکام کی جانب دھکیل رہے ہیں۔

میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ ایک مذموم مہم کے تحت کشمیریوں کی حق و انصاف پر مبنی رواں جدوجہد کو کمزور اور یہاں منافرت کی فضا کو بڑھاوا دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے کشمیریوں پر ہو رہے انسانیت سوز مظالم اور جبر و قہر کے ذریعے ہمارے حق و انصاف پر مبنی حق خود ارارادیت کی تحریک کو دبانے کی کوششیں جاری ہیں۔ این آئی اے کی جانب سے مزاحمتی لیڈروں کے گھروں پر چھاپہ مار کارروائیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے میرواعظ عمر نے کہا کہ میری رہائش گاہ میں علی الصبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک تقریباً دو درجن این آئی اے سے وابستہ افسران اور اہلکار داخل ہوکر گھر اور ملحقہ دفتر کا کونا کونا چھان مارا اور گھر میں موجود تمام اشیاء کی باریک بینی سے تلاشی لی۔


خبر کا کوڈ: 780499

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/780499/کشمیری-حریت-پسندوں-کیخلاف-بھارت-کا-رویہ-تشویشناک-ہے-میرواعظ-عمر-فاروق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org