QR CodeQR Code

برطانیہ کو پاک بھارت کشیدگی پر تشویش ہے، تھریسا مے

28 Feb 2019 10:08

برطانوی پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران برٹش وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ دونوں ممالک سے کشیدگی ختم کرنے کے لیے تحمل سے کام لینے کا مطالبہ کرتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے دونوں ممالک پر تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش ہے۔ انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران کہا کہ برطانیہ دونوں ممالک سے کشیدگی ختم کرنے کے لیے تحمل سے کام لینے کا مطالبہ کرتا ہے۔ تھریسا مے نے کہا کہ برطانیہ دونوں ممالک سے رابطے میں ہے اور خطے کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ان پر مذاکرات کرنے اور کشیدگی کا سفارتی حل نکالنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین کی سفارتی سربراہ فیڈریکا موغیرینی نے بھی پاکستان اور بھارت سے حتی الامکان تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے دونوں ممالک اور پورے خطے کے لیے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک اب حتی الامکان تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور مزید کشیدگی سے گریز کریں گے۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی برادری نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی بڑھانے سے گریز کریں۔

 


خبر کا کوڈ: 780502

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/780502/برطانیہ-کو-پاک-بھارت-کشیدگی-پر-تشویش-ہے-تھریسا-مے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org