QR CodeQR Code

کسی بھی جارحیت کے خلاف پوری قیادت متحد ہے، پارلیمانی رہنماؤں کا مشترکہ اعلامیہ

28 Feb 2019 10:31

ان کیمرا اجلاس میں پی پی پی کے سینئر رہنما خورشید شاہ، راجا پرویز اشرف، نوید قمر، شیری رحمٰن، سلیم مانڈوی والا اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی ان کیمرا بریفنگ میں موجود تھے۔ متحدہ مجلس عمل کا وفد بھی اجلاس میں شریک تھا۔


اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو مشرقی سرحد میں بھارت کی جانب سے ہونے والی جارحیت پر پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کیمرا بریفنگ دی گئی جہاں سول اور عسکری قیادت نے صورت حال سے آگاہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو عسکری حوالے سے آگاہ کیا۔ پارلیمنٹ ہاوس میں دی گئی ان کیمرا بریفنگ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، قومی اسمبلی کے اسپیکر اس قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی شامل تھے جنہوں نے اس سے قبل سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے ان کیمرہ بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی قیادت کو بریفنگ دی گئی، شرکا کو سفارتی سطح پر اٹھائے گئے اقدمات اور بھارتی جارحیت پر پاکستانی کارروائی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا اور جارحیت کے خلاف کیے گئے اقدامات پر شرکا کو اعتماد میں لیا گیا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے ان کیمرا بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی رہنماؤں کو آج کی بریفنگ بہت ضروری تھی کیونکہ یہ حکومت یا اپوزیشن کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا معاملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عسکری قیادت کی بریفنگ سے سب مطمئن تھے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق اسپیکر سردار ایاز صادق، سابق وزیردفاع خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثنااللہ، مریم اورنگ زیب، راجا ظفرالحق اور مشاہد اللہ خان شریک تھے۔ قومی اسمبلی قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے بہت شاندار کارروائی کی ہے اور پوری قوم کا حوصلہ بلند ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی صلاحیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اس لیے بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے، افواج پاکستان ہر صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سید خورشید شاہ نے اجلاس کے حوالے سے کہا کہ ان کیمرا اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا نہ آنا قابل افسوس ہے، وزیراعظم کی غیر موجودگی صرف ہم نے نہیں سب نے محسوس کی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سارے پارلیمانی رہنما شریک تھے اس لیے وزیراعظم کو بھی اجلاس میں شرکت کرنی چاہیے تھی۔ پی پی پی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم نے اجلاس میں شرکت نہ کر کے موقع ضائع کیا لیکن ہم سب کی کوشش ہے کہ جنگ نہ ہو اور مذاکرات سے مسئلہ حل ہو۔ بعد ازاں پارلیمانی رہنماوں کے ان کیمرہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کے خلاف پوری قیادت متحد ہے اور پارلیمانی قیادت حکومت اور اداروں کے ساتھ غیر مشروط کھڑی ہے۔

اعلامیے کے مطابق قومی رہنماؤں کی جانب سے امن و ترقی کے لیے اپنی خدمات پیش کی گئیں اور امید کا اظہار کیا گیا کہ جو امن و استحکام چاہتے ہیں وہ حاوی رہیں گے۔ اپوزیشن اور حکومتی اتحادیوں جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ہم متحد ہیں اور اس موقع پر پارلیمانی رہ نماوں کی جانب سے اظہار یک جہتی کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پارلیمانی رہ نماؤں کو وزیرخارجہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے بریفنگ دی اور اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے بھی بات چیت کی گئی۔

ان کیمرا اجلاس میں پی پی پی کے سینئر رہنما خورشید شاہ، راجا پرویز اشرف، نوید قمر، شیری رحمٰن، سلیم مانڈوی والا اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی ان کیمرا بریفنگ میں موجود تھے۔ متحدہ مجلس عمل کا وفد بھی اجلاس میں شریک تھا جس میں پارلیمانی لیڈر مولانا اسد محمود، مولانا واسع، مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا عطاالرحمٰن شامل تھے۔ حکومتی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے امین الحق اور سینیٹر سیف، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے حسن بلوچ، بلوچستان عوامی پارٹی کے انوارالحق کاکڑ اور خالد مگسی، مسلم لیگ (قائد اعظم) کے طارق بشیر چیمہ بھی ان کیمرا اجلاس میں شریک ہوئے۔


خبر کا کوڈ: 780507

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/780507/کسی-بھی-جارحیت-کے-خلاف-پوری-قیادت-متحد-ہے-پارلیمانی-رہنماؤں-کا-مشترکہ-اعلامیہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org