QR CodeQR Code

بھارتی پائلٹ سے ویانا کنونشن کے تحت سلوک کیا جائے گا، شاہ محمود کی برطانوی ہم منصب سے گفتگو

28 Feb 2019 13:52

برطانوی ہم منصب سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت جارحیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارت کیخلاف کارروائی کی، پاکستان نے اپنی فضائی حدود میں رہتے ہوئے طیاروں کیخلاف کارروائی کی۔


اسلام ٹائمز۔ برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں بھارتی جارحیت کے تناظر میں دونوں ممالک خطے کی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے پائلٹ سے ویانا کنونشن کے تحت سلوک کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، تین روز کے دوران برطانوی وزیرخارجہ کا شاہ محمود کو یہ دوسرا فون ہے۔ ٹیلی فونک گفتگو میں بھارتی جارحیت کے تناظر میں دونوں ممالک نے خطے کی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت جارحیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارت کیخلاف کارروائی کی، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی فضائی حدود میں رہتے ہوئے طیاروں کیخلاف کارروائی کی، پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی کا خواہاں ہے، بھارت سے بات چیت چاہتے ہیں، برطانیہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے کہا کہ برطانیہ کو خطے میں کشیدگی پر تشویش ہے، دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں۔


خبر کا کوڈ: 780551

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/780551/بھارتی-پائلٹ-سے-ویانا-کنونشن-کے-تحت-سلوک-کیا-جائے-گا-شاہ-محمود-کی-برطانوی-ہم-منصب-گفتگو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org