0
Friday 1 Mar 2019 19:52

او آئی سی میں بھارت کو دعوت دینے کا اقدام ناقابل قبول ہے، طاہر اشرفی

او آئی سی میں بھارت کو دعوت دینے کا اقدام ناقابل قبول ہے، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر آج ملک بھر میں یوم استحکام و دفاع پاکستان منایا گیا۔ ملک بھر میں آئمہ، خطباء، علماء و مشائخ نے پاک فوج کی وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام اور دفاع کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ہر قسم کی جارحیت کیخلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے اور پاکستان علماء کونسل کے زیراہتمام انتہاء پسندی، دہشتگردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے ہونیوالی چوتھی عالمی پیغام اسلام کانفرنس کو 3 مارچ کی بجائے 14 اپریل کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس ملک کے موجودہ حالات کی وجہ سے مؤخر کی گئی ہے۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے دیگر قائدین مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا ابوبکر صابری، مولانا ممتاز ربانی، مولانا عابد اسرار، مولانا الیاس مسلم، محمد داؤد خان، مولانا نائب خان اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کا پاکستان کی مسلح افواج نے بھرپور جواب دے کر بھارت کے خطہ میں بالادستی کے خواب کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دیا ہے، پاکستان کی مسلح افواج کو پوری قوم کا اعتماد حاصل ہے، بھارتی پائلٹ کو واپس کرنے کا حکومت کا فیصلہ پاکستان کی اخلاقی فتح ہے اور دنیا کیلئے امن کا واضح پیغام ہے، پاکستان کے لاکھوں علماء، آئمہ، مشائخ اور مدارس عربیہ کے اساتذہ و طلباء سپہ سالار قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ پاک فوج کے رضا کار کے طور پر ہر لمحہ حاضر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مذہبی و سیاسی قوتیں اور مسلح افواج امن چاہتی ہیں لیکن جارحیت کو نہ قبول کیا ہے اور نہ کیا جا سکتا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ OIC وزراء خارجہ کے اجلاس میں بھارت کو دعوت دینا نا قابل قبول ہے، پاکستانی حکومت کا اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ درست سمت قدم ہے، اسلامی ممالک کو OIC کے اس رویہ کا نوٹس لینا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر ممالک کی طرف سے کشیدگی کم کرنے کیلئے کوششیں درست سمت قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی امن کی کوششوں کی نفی نہیں کی ہے، پاکستان برابری کی بنیاد پر بھارت سے مذاکرات چاہتا ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل ہی خطہ میں امن کا ضامن ہوگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل بھارت کے علماء و مفکرین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ مودی کے جنگی جنون کیخلاف میدان میں آئیں، بھارت کی عوام مودی سرکار کے جنگی جنون کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، بھارت کا جنگی جنون ڈیڑھ ارب سے زائد انسانوں کیلئے خطرات پیدا کر رہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 14 اپریل کو پیغام اسلام کانفرنس میں عالم اسلام کے اہم ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 780763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش