0
Saturday 2 Mar 2019 02:29

برطانیہ دہشتگردوں کا حامی ہے، اسے کسی پر دہشتگردی کا الزام لگانے کا کوئی حق حاصل نہیں، شامی وزارت خارجہ

برطانیہ دہشتگردوں کا حامی ہے، اسے کسی پر دہشتگردی کا الزام لگانے کا کوئی حق حاصل نہیں، شامی وزارت خارجہ
اسلام ٹائمز۔ شام کی وزارت خارجہ نے کہا کہ برطانیہ کئی سالوں سے دہشتگردوں کی حمایت میں مصروف ہے، لہذا اسے کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ دوسروں پر دہشتگردی کا الزام عائد کرے۔ کل بروز جمعہ، شام کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں برطانیہ کی طرف سے حزب اللہ لبنان کو دہشتگرد تنظیموں کی لسٹ میں شامل کرنے کے اقدام کی سخت مذمت کی۔ شام کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ برطانیہ کا یہ اقدام اس کی عرب قوم کے ساتھ تاریخی دشمنی پر مبنی ہے۔ شام کی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ برطانیہ نے آج تک سایکس، پیکو اور بالفور معاہدوں کے ذریعے عرب ممالک کو تقسیم کرنے کے عمل میں دلال کا کردار ادا کیا ہے، جس کی وجہ سے فلسطینی مملکت غصب کر لی گئی اور لاکھوں فلسطینی بے وطن و بے گھر ہوگئے۔ برطانیہ ہمیشہ عرب ممالک پر قبضوں اور دراندازیوں میں بنیادی فریق رہا ہے، مصر میں دراندازی سے لے کر شام کی دراندازی تک، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ برطانیہ اس علاقے میں مذموم امریکی اہداف کی پیروی میں مگن ہے۔

شام کی وزارت خارجہ نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ کسی سے یہ بات پنہاں نہیں ہے کہ برطانیہ عرصہ دراز سے تکفیری سوچ کے حامل مختلف گروہوں کی میزبانی کر رہا ہے، جبکہ یہ بھی عیاں ہے کہ اس نے ہمیشہ اسرائیلی سیاست کی پیروی کرتے ہوئے دہشتگرد گروہوں کی ہی حمایت کی ہے۔ وہ ملک جس نے ایسی دہشتگردانہ سیاست اپنا رکھی ہو، وہ دوسروں پر الزام تراشی کا ذرہ برابر حق نہیں رکھتا، چہ جائیکہ حزب اللہ لبنان پر الزام لگائے، جو اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک قومی جدوجہد کا نام ہے۔ شام کی وزارت خاجہ نے مزید کہا کہ حزب اللہ کی سرگرمیاں بین الاقوامی قوانین کے تحت اور یو این او کے منشور کے مطابق مکمل قانونی ہیں، جن کے جاری رکھنے کے لئے کسی ایسے ملک کی اجازت کی کوئی ضرورت نہیں، جس کی اپنی سیاہ تاریخ دوسری اقوام کو بے وطن اور بے گھر کرکے ان کے حقوق غصب کرنے کی مذموم کارروائیوں سے بھری پڑی ہو۔ یاد رہے کہ انگلستان نے گذشتہ سوموار کو اسرائیلی دباو میں حزب اللہ لبنان کے سیاسی ونگ کو بھی دہشتگرد گروہوں کی فہرست میں شامل کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 780845
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش