صومالیہ، کار بم دھماکے میں 19 افراد جاں بحق
2 Mar 2019 11:06
دہشت گرد تنظیم الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ بم دھماکے کا مقصد مکہ المکرمہ ہوٹل میں موجود سینئر عہدیدار کو نشانہ بنانا تھا۔
اسلام ٹائمز۔ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں کار بم دھماکے میں کم از کم 19 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف 20 گھنٹے طویل مقابلے کے بعد حالات کو قابو کر لیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق حملہ رات گئے ہوا جب دہشت گرد تنظیم 'الشباب' کے ایک خودکش بمبار نے بڑے ہوٹل کے سامنے کار دھماکا کیا جس کے نتیجے میں مصروف سڑک میں کئی گاڑیوں میں آگ لگی اور شعلے بلند ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق دیگر حملہ آوروں کو پولیس نے گھیرے میں لیا جس کے بعد انہوں نے ہوٹل کے اندر آگ لگا دی اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو 20 گھنٹوں تک جاری رہا۔ امدادی کارکنوں نے فوری طور پر 5 لاشوں کو جائے وقوع سے منتقل کیا جبکہ دیگر لاشوں کو تصادم کے باعث گھنٹوں تک وہاں سے نہیں اٹھایا جا سکا۔ آمین ایمبولینس سروس کے ڈائریکٹر عابدی قادر عبدالرحمٰں کا کہنا تھا کہ ‘گرنے والی عمارت سے ہمیں 14 لاشیں ملی ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 19 ہوگئی ہے’۔ ان کا کہنا تھا کہ تصادم کے نتیجے میں 60 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 780864