0
Saturday 2 Mar 2019 16:15

ڈاکٹر عبدالصمد مزید 4 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

ڈاکٹر عبدالصمد مزید 4 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے
اسلام ٹائمز۔ احتساب عدالت نے ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد کو 4 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر مکمل ہونے پر آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت میں سماعت کے دوران نیب کے وکیل کی جانب سے ملزم کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ وکیل نیب نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مزید تحقیقات کررہے ہیں 14 روزہ ریمانڈ منظور کیا جائے۔ بعدازاں احتساب عدالت نے ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد کو 4 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ احتساب عدالت نے گذشتہ پیشی پر ڈاکٹر عبدالصمد کو 5 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا۔ نیب کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ ڈاکٹر عبدالصمد نے اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے آرکیالوجیکل سائٹس پر غیر قانونی بھرتیاں کی ہیں۔ گرفتاری کے وقت ڈائریکٹر آرکیالوجی اینڈ میوزم ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا تھا کہ اگر الزامات ثابت ہوجائیں تو مجھے دگنی سزا دی جائے، لیکن اگر میں بے قصور ثابت ہوجاؤں تو پھر نیب کے افسر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ احتساب عدالت کے جج نے بھی ڈاکٹر عبدالصمد کوریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے تنبیہہ کی تھی کہ آئندہ سماعت میں ریکارڈ پیش کریں، جج نے نیب سے یہ بھی کہا تھا کہ استاد کا معاشرے میں ایک باعزت مقام ہے، اس کا خیال رکھا کریں۔ وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نیب کو مشورہ دیا تھا کہ انہیں اپنے ادارے میں سے اس شرمناک حرکت کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرنی چاہیئے۔ وزیراعظم کی جانب سے اس ٹویٹ کے بعد چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب پشاور کو ڈاکٹر عبدالصمد اور ان کے خلاف مرتب کردہ ریکارڈ کے ہمراہ اسلام آباد ہیڈ آفس طلب کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 780956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش