0
Sunday 3 Mar 2019 11:09

کراچی، پی ایس ایل ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی گئی

کراچی، پی ایس ایل ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی گئی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے موقع پر پولیس نے ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے اپنے دفتر میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے شائقین پانچ مقامات پر اپنی گاڑیاں کھڑی کر سکتے ہیں، شٹل سروس کے ذریعے نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا، پارکنگ جن مقامات پر کی گئی، ان میں تین مقامات یونیورسٹی روڈ پر قائم حکیم سعید گراؤنڈ، اتوار بازار گراؤنڈ اور وفاقی اردو یونیورسٹی گراؤنڈ ہے۔ ضلع وسطی، غربی، سہراب گوٹھ، صفورا اور اس کے اطراف سے آنے والے شائقین کرکٹ اپنی گاڑیاں مذکورہ مقام پر پارک کرسکتے ہیں، ایکسپو سینٹر میں چوتھی پارکنگ رکھی گئی،ضلع جنوبی اور ضلع وسطی کے کرکٹ شائقین اپنی گاڑیاں بیت المکرم سے یو ٹرن لیکر ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 2 میں جاکر پارک کریں گے، اس کے بعد انہیں شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا، پانچویں پارکنگ ڈالمیا روڈ پر قائم غریب نواز گراؤنڈ میں رکھی گئی، ضلع ملیر اور کورنگی کے کرکٹ شائقین
اپنی گاڑیاں مذکورہ گراؤنڈ میں پارک کریں گے۔

ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے مزید بتایا کہ کارساز سے نیشنل اسٹیڈیم اور ملینیم مال ڈالمیا روڈ سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والے راستے ٹریفک اور عام پبلک کیلئے بند رہیں گے، اس طرح حسن اسکوائر سرشاہ سلیمان روڈ اسٹیڈیم جانے کیلئے عام پبلک کیلیے بند رہے گی، نیو ٹاؤن تھانے سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کیلئے بند رہے گی، اسٹیڈیم کے قریب دو بڑے اسپتال قائم ہیں، ان میں ایمبولینس اور مریضوں کے تیماردار نیو ٹاؤن تھانے سے مذکورہ اسپتال جا سکیں گے۔ ایئرپورٹ سے گلستان جوہر جانے والے افراد ڈرگ روڈ برج سے ملینیم مال، نیپا اور راشد منہاس روڈ استعمال کر سکیں گے، جیل چورنگی سے راشد منہاس روڈ جانے اور آنے والے سڑک عام پبلک کیلئے کھلی رہے گی، لیاقت آباد غریب آباد سے حسن اسکوائر آنے والی ہیوی ٹریفک کو عزیزآباد کی طرف موڑ دیا جائے گا، پیپلز چورنگی سے یونیوسٹی روڈ آنے والی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا، اس بار کرکٹ میچ کے دوران مین یونیورسٹی روڈ ٹریفک کیلئے کھلی رہے گی۔

جاوید مہر نے کہا کہ اسٹیڈیم کے اطراف میں رہائش پذیر افراد اپنے ساتھ قومی شناختی کارڈ دکھا کر گھروں کو جا سکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے کہا کہ ٹریفک کو بحال رکھنے اور ڈیوٹی دینے والے 2 ہزار پولیس افسران و جوان ہوں گے، ان میں 7 ایس ایس پیز اور 20 ڈی ایس پیز شامل ہوں گے، کرکٹ میچ دیکھنے کیلئے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے افراد قومی شناختی کارڈ اور ٹکٹ ضرور ساتھ لائیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں اور پاتھوں پر موٹر گاڑیاں پارک کرنے سے گریز کریں، کسی بھی صورت میں ٹریفک ہیلپ لائن 1915، واٹس اپ نمبر 03059266907 یا پھر ایف ایم ریڈیو 88.6 سے تازہ ترین اپ ڈیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 781071
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش