0
Sunday 3 Mar 2019 13:19

بارش و برفباری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جام کمال خان

بارش و برفباری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جام کمال خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان عالیانی نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کیلئے فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے پاس وافر مقدار میں ریلیف کی اشیاء موجود ہیں، پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اپنے دفاع کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا بھی جانتا ہے، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پی ڈی ایم کے دفتر کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نور محمد دمڑ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون بھی موجود تھے، وزیراعلٰی جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان میں دو ہفتے قبل سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے مکران اور لسبیلہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی تھی، ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں فنڈز فراہم کردیئے گئے تھے تاکہ مقامی طور پر ضرورت پڑنے پر خریداری کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز سے شروع ہونے والی بارشوں اور برفباری سے اب تک کسی قسم کی جانی نقصانات کی اطلاع حکومت کو موصول نہیں ہوئیں، تاہم بارشوں اور برف باری سے کچلاک اور لکپاس کے علاقوں میں گھروں کو دیگر املاک کو نقصانات پہنچا ہے۔ بہت سے اضلاع کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہونے سے وہاں پر ہونے والے نقصانات کا اعداد و شمار اب تک اکھٹا کررہے ہیں۔

وزیراعلٰی نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بلوچستان حکومت کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کیلئے استعمال ہونے والی مشینری اور متاثرہ افراد کو خوراک کی فراہمی کیلئے فنڈز فراہم کردیئے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے پاس بارشوں سے متاثر ہونے والے افراد کو فراہم کرنے کیلئے بڑی تعداد میں ٹینٹ اور وافر مقدار میں راشن موجود ہے، جن سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوتے ہی تمام متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ پوری طرح سے متحرک ہے، جہاں جہاں راستے بند تھے انہیں کھولا جارہا ہے، بدقسمتی سے ماضی میں ایسی صورتحال سے نمٹنے اور سڑکیں کھولنے کے لئے ضروری مشینری نہیں خریدی گئی ۔
موجودہ صوبائی حکومت نے کچھ روز قبل برفباری سے بند ہونے والی سڑکوں کو کھولنے کے لئے مشینری خریدنے کے لئے بات چیت شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تین سے چار سو تربیت یافتہ افراد کی ٹیم بنانے کا منصوبہ ہے جو متاثرین کی فوری طور پر مدد کا تجربہ رکھتی ہو۔ بارشوں سے ہونے والے جانی نقصانات سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بارشوں سے ٹرانسمیشن لائنوں کو نقصان پہنچا ہے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب سے بات ہوئی ہے جنہوں نے بجلی بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اپنے دفاع کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا بھی جانتا ہے، ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے پاکستان نے اقوام متحدہ کے قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے بھارتی پائلٹ کو رہا کیا۔
 
خبر کا کوڈ : 781091
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش