0
Sunday 3 Mar 2019 21:20

وزیراعظم سے امیر قطر کا رابطہ، امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش

وزیراعظم سے امیر قطر کا رابطہ، امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش
اسلام ٹائمز۔ قطر کے امیر تمیم بن حمدالثانی نے وزیراعظم عمران خان کو پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور امیر قطر تمیم بن حمدالثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس کے دوران امیر قطر نے پاکستان کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کئے گئے بھارتی پائلٹ کے اقدام کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ باہمی امور، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امیر قطر نے دونوں ممالک کے درمیان سرد ماحول میں کمی لانے پر زور دیا، جس کے لئے انہوں نے ثالثی کی بھی پیشکش کی۔ خیال رہے 27 فروری کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کرلیا تھا، جس کے بعد بھارت نے بھی طیاروں کی تباہی اور پائلٹ لاپتہ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔ بھارتی پائلٹ کو رہائی دینے کے اعلان پر وزیراعظم عمران خان کو دنیا بھر سے پذیرائی ملی اور ابھی نندن کی رہائی کے اعلان کو زبردست اقدام قرار دیا گیا۔
 
خبر کا کوڈ : 781166
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش