0
Monday 4 Mar 2019 18:49

پاکستان کو پرانے دوست ناراض نہیں کرنے چاہیں، ایران کے تحفظات دور کئے جائیں، جے یو پی

پاکستان کو پرانے دوست ناراض نہیں کرنے چاہیں، ایران کے تحفظات دور کئے جائیں، جے یو پی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان (نیازی) کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے حیرت کا اظہار کیا ہے کہ عرب ممالک نے بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستان کا کھل کر ساتھ نہیں دیا بلکہ ہمیں ہی دباتے رہے ہیں، امریکہ تو بھارت کو علاقے کا چودھری بنانے کے ایجنڈے پر کا م کر رہا ہے، لیکن اس مشکل موقع پر ایران اور چین جیسے دوست ممالک کی خاموشی معنی خیز ہے، ہمیں اپنی مروجہ خارجہ پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب اسلامی پر زاہدان میں حملے کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں سرد مہری پائی جا رہی ہے، برف پگھلنی چاہیے، ایران کے تحفظات دور کئے جانے چاہیں، سعودی وزیر خارجہ پاکستان میں بیٹھ کر ایران پر تنقید کرتا رہا، ہم نے ایرانی قیادت کو مطمئن کرنے کی کوشش نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کے دوران دیا گیا پروٹوکول اور سی پیک میں سعودی عرب کی موجودگی کا مقصد ایران پر دباو بڑھانا اور اس پر نظر رکھنا ہے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے پرانے دوستوں کو ناراض نہیں کرنا چاہیے، چین مشکل وقت کا دوست ہے، مگر اس نے بھی بھارت کیخلاف کوئی بیان نہیں دیا۔ عوام میں تشویش پائی جاتی ہے کہ ہم اپنے قریبی دوست ممالک سے دور کیوں ہوتے جا رہے ہیں، کیا اس کی وجہ ڈالروں کی ریل پیل ہے، کیونکہ عام تاثر ہے کہ ہمیں ڈالروں کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے دوستوں سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ اس پر مذہبی سیاسی جماعتوں کو غور کرنا چاہیے اور ارباب اختیار کو بھی چاہیے کہ وہ قوم کی ترجمانی کریں اپنی خواہشات کو ایک طرف رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 781200
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش