0
Monday 4 Mar 2019 11:27
کوئی فردِ واحد پاکستان سے زیادہ اہم نہیں، فواد چودھری

حکومت کیجانب سے شدت پسند اور عسکری تنظیموں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے آغاز کا فیصلہ

حکومت کیجانب سے شدت پسند اور عسکری تنظیموں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے آغاز کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے ملک میں شدت پسند اور عسکری تنظیموں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے آغاز کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے صحافیوں کو دی جانی والی ایک خصوصی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جیسے ہی اس سلسلے میں پیشرفت ہوگی اس کے اثرات خود بخود ظاہر ہو جائیں گے۔ انتہا پسند تنظیموں کے خلاف کارروائی کی تصدیق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بھی دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سیاسی اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان (این اے پی) کے تحت تمام عسکری تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، تاہم وزیر اطلاعات نے عسکری تنظیموں مثلاً جیشِ محمد (جس پر مبینہ طور پر پلوامہ میں ہونے والے بھارتی فورسز پر حملے کا الزام ہے)، جماعت الدعوہ اور اس کی فلاحی تنظیم فلاحِ انسانیت کے خلاف کارروائی کا کوئی وقت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا فیصلہ سکیورٹی فورسز کریں گی۔ واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے 21 فروری کو ہونے والے اجلاس میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اس کے ساتھ جماعت الدعوہ اور فلاحِ انسانیت پر دوبارہ پابندی لگانے کا بھی حکم دیا گیا تھا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے معاشرے سے انتہا پسندی اور عسکریت پسندی کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست کو شدت پسندوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔ اہم بات یہ ہے کہ ذرائع نے طور پر اس بات کو مسترد کیا کہ یہ فیصلہ بھارت میں ہونے والے پلوامہ حملے کے بعد کسی دباؤ کی بنا پر کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ 14 فروری کو ہونے والے حملے سے کہیں پہلے کیا جاچکا تھا لیکن یہ منظرِ عام پر بعد میں آیا۔ اس کے ساتھ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے دیئے گئے ڈوزیئر میں اس کی جانب سے پاکستان پر عسکری تنظیموں کی پشت پناہی کا الزام دہرانے کے سوا کچھ نہیں تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ہم یہ کارروائی اپنے قومی مفاد میں کررہے ہیں، ہمیں چیزیں درست کرنے کی ضرورت ہے، ہم اس مسئلے کو آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے نہیں چھوڑ سکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی اتفاق رائے پاکستان کو مثبت سمت گامزن کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کارروائی سے فنانشل ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی جانب سے اٹھائے گئے ان مسائل سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی جن کی گذشتہ ماہ ہونے والے اجلاس میں دوبارہ نشاندہی کی گئی تھی۔

بریفنگ میں عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ جیشِ محمد، جماعت الدعوہ اور فلاحِ انسانیت کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے، اس موقع پر ہونے والی گفتگو سے یہ بات واضح تھی کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی جانب سے جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر پر پابندی لگانے کے موقف پر بھی نظِر ثانی کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کوئی فردِ واحد پاکستان سے زیادہ اہم نہیں، جبکہ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اسے انا کا مسئلہ نہیں بنائے گا، اس کے علاوہ مسعود اظہر پر پابندی کے سلسلے میں چین کی جانب سے تکنیکی رکاوٹ ڈالنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہ ہی ہم اپنے دوستوں کو آزمائش میں ڈالیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 2014ء میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا تھا جس کے لئے حکمتِ عملی میں تبدیلی ضروری تھی اور اس طرح کے اقدامات کے لئے وقت درکار ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذکورہ تنظیموں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مفاد میں تھا کہ اس قسم کی محاذ آرائی سے گریز کیا جائے، جبکہ بھارت کا معاملہ مختلف ہے کیوںکہ اس وقت کشیدگی کم کرنے کی صورت میں بھارتی وزیراعظم کو سیاسی قیمت چکانا پڑے گی۔
 
خبر کا کوڈ : 781222
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش