0
Monday 4 Mar 2019 13:00

بلوچستان میں بارشوں سے تباہی، پاک فوج کا ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن

بلوچستان میں بارشوں سے تباہی، پاک فوج کا ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج نے ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن کیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں تباہ کن بارشوں کے باعث 800 گھروں کو نقصان پہنچا، مکران، مند، تمپ اور کیچ کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ پشین میں تیز بارشوں سے خدائے دادزئی ڈیم منہدم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ تربت بلیدہ میں برساتی ریلہ آبادیوں میں داخل ہو گیا جس کے باعث علاقے کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، متعدد مکانات منہدم اور کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی۔ دشت کھڈان، ناصر آباد، آبسر کور تمپ اور مند کے نواحی علاقوں میں بھی مکانات کو شدید نقصان پہنچا، میرانی ڈیم میں  پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی۔ پشین میں تیز بارشوں سے خدائے دادزئی ڈیم منہدم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، قلعہ عبداللہ بھی متاثر ہوگیا، دوسری طرف خیبر پختونخوا میں بھی حادثات سے 6 ہلاکتیں ہوئیں۔

شمالی وزیرستان میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق ہوئے، پشاور میں تین گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے۔ دوسری طرف بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج نے ریلیف اور ریسکیو آپریشن کیا، مکران ڈویژن میں پھنسے لوگوں کو ہیلی کاپٹروں میں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ مکران اور لسبیلہ میں ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے، شمالی بلوچستان میں برفباری سے متاثرہ علاقوں میں بھی ریلیف کیمپ قائم کیا گیا، لسبیلہ اور قلعہ عبداللہ میں 1500 خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ ساڑھے تین ہزار متاثرہ خاندانوں کو راشن فراہم کیا گیا، پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں، وزیرِاعلٰی بلوچستان نے بھی ہیلی کاپٹر سے مختلف علاقوں کا جائزہ لیا، قلعہ سیف اللہ میں جام کمال کو متاثرہ علاقوں اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔
 
خبر کا کوڈ : 781260
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش