0
Monday 4 Mar 2019 18:22

امن مذاکرات قدم بہ قدم کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں، طالبان

امن مذاکرات قدم بہ قدم کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں، طالبان
اسلام ٹائمز۔ افغان طالبان کے ترجمان نے کہا ہے کہ طالبان اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات قدم بہ قدم کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ طالبان کی جانب سے یہ بیان امریکا-افغان مشترکہ بیس پر خطرناک حملے کے بعد سامنے آیا، جس کی ذمہ داری کا دعویٰ عسکریت پسند گروپ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اندرونی مشاورت کے لیے وقفے کے بعد دونوں فریقین کے درمیان ہفتے کے اختتام پر مذاکرات کا آغاز دوحہ میں ہوگیا تھا۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ دوحہ میں مذاکرات کا حالیہ دور قدم بہ قدم کی بنیاد پر آگے بڑھ رہا ہے کیونکہ یہ معاملہ ہاتھ میں ہے تو یہ بہت اہم اور نازک ہے اور اسے بہت زیادہ دیکھ بھال اور نگرانی کے ساتھ آگے بڑھایا جارہا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ جاری مذاکرات میں اصل توجہ ممکنہ طور پر امریکی فوج کی واپسی اور افغانستان کو دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہونے سے روکنے کے لیے ایک معاہدہ ہے۔ حالیہ ملاقات جنوری میں ہونے والی میراتھن بات چیت کو آگا بڑھانا ہے، جس میں امریکا اور طالبان کو ان دو معاملات پر ایک ڈرافٹ فریم ورک کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ یہاں اس بات کا ذکر کرنا ضروری ہے کہ کسی معاہدے یا دستاویز سے متعلق اب تک کسی سمجھوتے پر نہیں پہنچے ہیں۔ دوسری جانب امریکا نے ان مذاکرات کی حیثیت سے متعلق فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

گزشتہ ہفتے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ میں اس بات کی طرف اشارہ کیا گیا تھا کہ تقریباً 18 سالہ جنگ کے خاتمے کے لیے طالبان کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے طور پر پیش کیے گئے پینٹاگون منصوبے کے تحت امریکی فورسز 5 سال میں افغانستان چھوڑ دیں گی۔ طالبان کی جانب سے فوری طور پر اس دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ مہینوں طویل سفارتکاری کے دوران وہ اس طرح کی کسی تجویز سے واقف نہیں۔ خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے جنگ بندی اور طالبان اور کابل حکومت کے درمیان مذاکرات کے آغاز پر زور دیا جارہا ہے، جسے مسلسل عسکریت پسندوں کی جانب سے مسترد کیا جارہا تھا۔ تاہم مذاکرات کا یہ تسلسل اس بڑے واقعے کے بعد بھی جاری ہے، جس میں جمعے کو افغانستان کے جنوب مشرقی صوبے ہلمند میں امریکا، افغانستان کے مشترکہ بیس پر حملے میں کم از کم 23 سیکیورٹی فورسز اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 781295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش