0
Tuesday 5 Mar 2019 18:06

دفاع پاکستان ہمارا نصب العین ہے، تحریک لبیک

دفاع پاکستان ہمارا نصب العین ہے، تحریک لبیک
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک پاکستان کے وفد کی قائم مقام مرکزی امیر قاضی محمود اعوان کی سربراہی میں تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے سرپرست اعلی پیر سید حسین الدین  شاہ سے مرکزی دفتر راوی روڈ لاہور میں ملاقات کی۔ جس میں موجودہ قومی ملی صورحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر اعجاز اشرفی، عنایت الحق شاہ، علامہ غلام عباس فیضی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر پیر سید حسین الدین شاہ نے کہا بلا شک و شبہ تحریک لبیک پاکستان ملک گیر عوام الناس کی مقبول ترین محب وطن جماعت ہے اور اس کیلئے ہماری ہمدردیاں اور دعائیں پوری جماعت کے ہمراہ ہیں۔ پیر قاضی محمود اعوان نے کہا ہماری جماعت کی ملکی دفاع کیلئے جدوجہد پوری قوم کے سامنے روز روشن کی طرح واضح ہے، دفاع پاکستان ہمارا نصب العین ہے، پاکستان کا اندرونی و بیرونی دشمن مختلف سازشوں کے ذریعے سے ملک پاکستان میں افراتفری پھیلانا چاہتا ہے جس کو تحریک لبیک پاکستان کے ذمہ داران و کارکنان و محبان اپنا قومی ملی فریضہ سمجھتے ہوئے بری طرح ناکام بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا ہمارے کارکنان کی لاشیں گرائیں گئیں، نہتے عاشقان رسول پر ہزاروں شیل برسائے گئے اس کے باوجود تحریک لبیک پاکستان کے قائدین  و کارکنان نے صبر کا دامن  نہیں چھوڑا۔ میڈیا کے سوال کہ علامہ خادم رضوی سے جیل حکام کا کیا سلوک کیا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے قاضی محمود اعوان نے آگاہ کیا کہ نواز شریف و دیگر قیدیوں سے ملاقات کی تو عام اجازت ہے لیکن تحریک لبیک پاکستان جو لاکھوں اسلامیان پاکستان کی نمائندہ جماعت ہے ان کے قائدین کو نہ جیل میں ملاقات کی اجازت ہے نہ گھر سے کھانا لانے کی اجازت ہے، جو ایک جانبدارانہ رویہ ہے جس کی ہم سخت ترین مذمت کرتے ہیں۔ مرکزی ترجمان اعجاز اشرفی نے کہا ہماری جماعت کی پالیسی پُرامن جدوجہد کے ذریعے سے اپنے پیغام کو عام کرنا ہے، ملک پاکستان ہمارا وطن ہے اور اس کی حفاظت ہماری گھٹی میں شامل ہے، ہماری قیادت نے ہمیشہ ملکی سالمیت اور دفاع کیلئے اپنے کردار کو پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں توڑ پھوڑ کا ہمیں ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے جبکہ توڑ پھوڑ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں جبکہ ہماری ہزاروں ملک بھر میں مختلف اوقات میں نکالی گئیں  ریلیاں اور جلسے اس بات کے شاہد ہیں کبھی بھی ہماری ریلیوں جلسوں کی وجہ سے ایک پتہ بھی نہیں ٹوٹا۔ پیر عنایت الحق شاہ نے کہا تحریک لبیک پاکستان اس وقت لاکھوں کارکنان رضاکارانہ دفاع وطن پاکستان کیلئے پیش کرنے کو تیار ہے۔ ہمارے کارکنان اسوقت ملک بھر کے علاقوں میں رضاکارنہ سرگرمیوں مصروف ہیں۔ حال ہی میں ایل او سی پر بھارتی بمباری سے جو زخمی ہیں ان کو امداد فراہم کی ہے اور مزید وہاں ہمارے کارکنان امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔ علامہ غلام عباس فیضی نے کہا ہمارے قائدین جو محب وطن عالم دین ہیں اور ہزاروں علماء مشائخ کے رہبر ورہنما ہیں انکو جھوٹے اور بے بنیاد مقدموں میں الجھا کر اسلامیان پاکستان کی دل آزاری کی جا رہی ہے۔ تاریخ گواہ ہے علامہ خادم حسین رضوی، پیر افضل قادری و دیگر اسیران ناموس رسالت نے ہمیشہ ختم نبوت و اسلام و پاکستان کیلئے اپنے کردار کو پیش کیا اور قوم میں حقیقی بیداری پیدا کی ہے، لہذا انکے پابند سلاسل ہونے سے پوری قوم اضطراب کا شکار پے۔
خبر کا کوڈ : 781401
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش