QR CodeQR Code

نظام کی بہتری کیلئے مروجہ قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہے، جام کمال خان

5 Mar 2019 11:43

اجلاس کے دوران وزیراعلٰی نے کہا کہ معلومات تک رسائی کے ایکٹ 2005ء میں مجوزہ ترامیم کے ذریعہ ایکٹ میں پائے جانے والے ابہام کو دور کیا جاسکتا ہے، تاہم ترامیم کسی بھی قانون سے متصادم نہیں ہونی چاہئیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ نظام کی بہتری کے لئے مروجہ اہم قوانین کا جائزہ لے کے انہیں مزید مؤثر بنانے کے لئے ترامیم کی ضرورت ہے، حکومتی امور کی انجام دہی میں شفافیت لانے، احتسابی عمل کو مضبوط بنانے اور عوام کے سامنے جوابدہ ہونے کے رحجان کی حوصلہ افزائی سے حکومت اور اداروں پر عوام کا اعتماد مستحکم ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معلومات تک رسائی کے ایکٹ 2005ء میں مجوزہ ترامیم کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات میرظہور بلیدی اور وزیراعلٰی کے کوآرڈینیٹر کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی اور میر رامین محمد حسنی بھی اجلاس میں شریک تھے جبکہ سیکرٹری قانون عبدالرحمٰن بزدار اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن نعیم خان بازئی نے بریفنگ دی۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ معلومات تک رسائی کے ایکٹ 2005ء میں مجوزہ ترامیم کے ذریعہ ایکٹ میں پائے جانے والے ابہام کو دور کیا جاسکتا ہے، تاہم ترامیم کسی بھی قانون سے متصادم نہیں ہونی چاہئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجوزہ ترامیم کے جائزہ کے لئے صوبائی وزیر اطلاعات کی سربراہی میں کابینہ کی سب کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں متعلقہ محکموں کے وزراء شامل ہوں گے۔
 


خبر کا کوڈ: 781435

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/781435/نظام-کی-بہتری-کیلئے-مروجہ-قوانین-میں-ترامیم-ضرورت-ہے-جام-کمال-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org