QR CodeQR Code

دہشتگردوں کی بھکاریوں کے روپ میں لاہور میں حملوں کی منصوبہ بندی کا انکشاف

5 Mar 2019 12:33

ذرائع کے مطابق پولیس کو خفیہ اداروں سے اطلاع ملی کہ موجودہ ملکی صورتحال میں دشمن کی جانب سے لاہور میں دہشتگردی کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جس کیلئے دہشتگرد شہر میں بھکاری کا روپ دھار کر اہم حساس تنصیبات اور عمارتوں کی ریکی کرکے دہشتگردی کی کارروائی کر سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں دہشتگردوں کی بھکاریوں کے روپ میں داخل ہونے کے اطلاعات کے بعد سکیورٹی ادارے متحرک ہو گئے ہیں اور اب تک شہر بھر میں 362 مشکوک بھکاریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کو خفیہ اداروں سے اطلاع ملی کہ موجودہ ملکی صورتحال میں دشمن کی جانب سے لاہور میں دہشتگردی کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جس کیلئے دہشتگرد شہر میں بھکاری کا روپ دھار کر اہم حساس تنصیبات اور عمارتوں کی ریکی کرکے دہشتگردی کی کارروائی کر سکتے ہیں اور بھکاریوں کے روپ میں دہشتگرد پولیس کے گشت پر بھی نظر رکھ سکتے ہیں۔ خفیہ اداروں کی اس رپورٹ کے بعد وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے لاہور پولیس کے سربراہان کی میٹنگ بلائی گئی جس میں ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز کو بھکاریوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا ٹاسک دیا گیا۔
 
ایس ایس پی آپریشنز کے حکم پر شہر بھر میں بھکاریوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات سے 362 بھکاری گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ بھکاریوں کیخلاف متعلقہ تھانوں میں گداگری ایکٹ کے تحت 320 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ سٹی ڈویژن سے87، اقبال ٹاؤن 81، صدر 73، کینٹ44، سول لائنز 43 جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے 34 بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے ان گرفتار بھکاریوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کیساتھ ساتھ ان کے فنگر پرنٹس، ڈیٹا سمیت ڈی این اے ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔
 


خبر کا کوڈ: 781453

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/781453/دہشتگردوں-کی-بھکاریوں-کے-روپ-میں-لاہور-حملوں-منصوبہ-بندی-کا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org