0
Wednesday 6 Mar 2019 11:00

وزیر خوراک پختونخوا کا قبائلی اضلاع کے دوروں کا آغاز

وزیر خوراک پختونخوا کا قبائلی اضلاع کے دوروں کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے ضم شدہ اضلاع میں محکمہ خوراک کی توسیع کے حوالے سے قبائلی اضلاع کے دوروں کا آغاز کردیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ وہ ضم شدہ تمام اضلاع کا دورہ کریں گے۔ وزیر خوراک نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع تک محکمہ خوراک کی توسیع کا سفر ضلع خیبر سے عملی بنیادوں پر شروع کیا جا رہا ہے اور ضلع میں عملہ تعینات کرنے کے عمل کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع خیبر کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محمود اسلم وزیر سے ان کے دفتر میں ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر محکمہ خوراک سعادت حسن سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ضم شدہ اضلاع میں محکمہ خوراک کی خدمات کی توسیع، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر آفیسرز کی تعیناتی، ان اضلاع میں گندم ذخیرہ کرنے کی سہولیات، پرائس کنٹرول طریقہ کار اور انسانی وسائل پر غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ محکمہ خوراک بہت جلد عملی طور پر قبائلی اضلاع میں اپنا کام شروع کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام پچھلے 70 سالوں سے انگریز کے بنائے ہوئے قانون کے نیچے زندگی گزار رہے تھے، پاکستان کے دیگر صوبوں اور قبائلی اضلاع میں علیحدہ علیحدہ نظام تھا جبکہ انضمام کے بعد اب ضم شدہ اضلاع خیبر پختونخوا کا حصہ ہیں۔ وزیر خوراک قلندر خان لودھی نے کہا کہ انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کو جلد قومی دھارے میں لانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان، وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ضم شدہ اضلاع کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے بہت زیادہ سنجیدہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 781656
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش