0
Wednesday 6 Mar 2019 11:10

امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ نہیں ہوگا، چین

امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ نہیں ہوگا، چین
اسلام ٹائمز۔ چینی سفیر یاؤ جنگ نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ نہیں ہوگا، بلکہ صورتحال امن و استحکام کی جانب بڑھے گی۔ سفیر یاؤ نے وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین کو امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال امن کی جانب بڑھیں گے۔ آئی پی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر مرزا نے دو جوہری صلاحیت کے حامل ممالک کے درمیان کشیدگی پر چینی سفیر کے اصولی موقف کی تائید کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے پاک چائنہ ایر آف فرینڈ شپ سسٹر سِٹیز 2019ء کے حوالے سے دورہ چین کی تفصیلات کا جائزہ لیا اور دونوں رہنماؤں میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت کھیلوں اور سیاحت کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مثالی ہیں ہم ان میں اور مضبوطی چاہتے ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ اور صوبائی حکومت کی سطح پر تعلق اور تعاون کے فروغ کا با قاعدہ آغاز ہوگا، تعاون کے فروغ کا یہ ایک اہم موقع ہے، پاکستان اور چین کی مقامی حکومت کے نمائندے وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ کی چھتری تلے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا آغاز کریں گے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ماضی میں بھی بہت سے مفاہمی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہوئے لیکن کوئی خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ پاک چین تعاون کے حوالے سے ایسی پیش رفت ہو جو واضح نتائج دکھا سکے۔ دونوں ممالک میں صوبائی اور مقامی حکومتوں کی سطح پر تعلق اور تعاون کے فروغ کے لیے قابل عمل دائرہ کار اور منصوبوں کی لسٹ کی تیاری پر اتفاق ہوا۔
خبر کا کوڈ : 781657
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے