0
Wednesday 6 Mar 2019 21:19

پولیس کو قبائلی اضلاع میں داخل نہیں ہونے دینگے، باجوڑ لیویز فورس کی دھمکی

پولیس کو قبائلی اضلاع میں داخل نہیں ہونے دینگے، باجوڑ لیویز فورس کی دھمکی
اسلام ٹائمز۔ باجوڑ لیویز فورس کے سینکڑوں اہلکاروں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کے بعد لیویز لائن تا ہیڈکوارٹر ہسپتال خار ایک ریلی بھی نکالی گئی۔ اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے لیویز فورس کے اہلکاروں کا کہنا تھا کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کا خیر مقدم کرتے ہیں، لیکن ہمارے چند خدشات اور تحفظات کا ازالہ ضروری ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پولیس کے تمام اختیارات لیویز فورس کو دیئے جائیں اور ہماری مراعات ملاکنڈ لیویز فورس کی طرز پر بحال کی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے مطالبات کی منظوری تک قبائلی اضلاع میں پولیس کی تعیناتی سے گریز کیا جائے، بصورت دیگر وہ شدید احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس کمیٹی اور دیگر کمیٹیاں ہمارے مطالبات اور خدشات سنے بغیر لیویز اور خاصہ دار فورس کے مستقبل کا فیصلہ نہ کریں، جبکہ اعتماد میں لئے بغیر کوئی بھی فیصلہ ہمیں کسی بھی صورت منظور نہیں ہوگا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ لیویز فورس بشمول اقوام باجوڑ پولیس کو قبائلی اضلاع میں داخل نہیں ہونے دیں گی۔ مظاہرین نے کہا کہ لیویز اور خاصہ دار فورس نے قیام امن کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں، حکومت کو چاہیئے کہ ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھے۔
خبر کا کوڈ : 781799
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش