0
Wednesday 6 Mar 2019 23:09

شہر کی ابتر صورتحال میئر کراچی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، یعقوب شہباز

شہر کی ابتر صورتحال میئر کراچی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، یعقوب شہباز
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماء محمد یعقوب شہباز کا کہنا ہے کہ شہر کراچی میں جگہ جگہ ابلتے ہوئے گٹر و کچرے کے ڈھیر اور سڑکوں کی ابتر صورتحال میئر کراچی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ اپنے بیان میں یعقوب شہباز نے کہا کہ شہر کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد ابھی تک مختلف مقامات پر پڑا ملبہ اٹھایا نہیں گیا، جس کی وجہ سے مختلف مقامات اور شاہراہوں پر ٹریفک جام آئے روز کا معمول بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی تین سال سے بلدیہ عظمیٰ اور ڈسٹرکٹ میونسپلٹیز کا اربوں روپے کا ترقیاتی بجٹ کہاں استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی ایک جانب اختیارات کا رونا روتے ہیں، لیکن دوسرے جانب تجاوزات کے خاتمے کے نام پر بھاری مشینری لیکر مارکیٹوں اور دکانوں کو مسمار کرنے کے اختیارات مہارت سے استعمال کر رہے ہیں۔

یعقوب شہباز نے کہا کہ کراچی بھر میں سیوریج کا نظام بھی درہم برہم ہے، اندورنی سڑکوں اور گلیوں کا حال تو ویسے ہی ابتر ہے، مگر اب مین شاہراہوں پر بھی جگہ جگہ ابلتے گٹر دیکھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گٹر کے پانی کی وجہ سے سڑکیں خراب ہو رہی ہیں اور ان میں گہرے گڑھے بنتے جا رہے ہیں، جو جان لیوا حادثات کا سبب بن رہے ہیں، ایسے میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بھی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مچھروں اور مکھیوں کو ختم کرنے کا شہر میں کوئی بندوبست نہیں ہے، جس کی وجہ سے ملیریا اور دیگر بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 781816
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش