0
Thursday 7 Mar 2019 08:43

کریک ڈاون کیخلاف جماعت الدعوۃ کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

کریک ڈاون کیخلاف جماعت الدعوۃ کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ کالعدم جماعۃالدعوہ پاکستان کے ترجمان یحییٰ مجاہد نے حکومت کی طرف سے ملک بھر میں کارکنان و ذمہ داران کی پکڑ دھکڑ، چھاپوں، تعلیمی اداروں و ڈسپنسریوں کو سیل کرنے اور ایمبولینسیں قبضہ میں لینے جیسے اقدامات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک پرامن جماعت اور اس کے کارکنان کے ساتھ یہ رویہ سخت زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے اس رویے کیخلاف عدالت سے رجوع کر رہے ہیں، حیرت ہے کہ  پورے ملک میں زبردست کریک ڈاؤن، رفاہی ادارے سرکاری تحویل میں لینے اور گھروں و مساجدو مدارس پر چھاپوں کے ذریعہ خوف کی فضا پیدا کر دی گئی ہے۔
 
لاہور سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک بھر میں جماعۃالدعوہ اور ایف آئی ایف کے دفاتر خالی کروا کر پولیس کا پہرہ بٹھا دیا ہے، مدارس سے طلباء کو زبردستی نکال دیا گیا ہے، ڈسپنسریوں کو سیل کیا جا رہا ہے، ایمبولینسیں قبضہ میں لے لی گئی ہیں اور گرفتاریوں کیلئے گھروں پر چھاپوں کے دوران خواتین تک کو ہراساں کیا جا رہا ہے، تعلیمی ادارے بند ہونے سے امتحانات کے ان دنوں میں طلبا کا سال ضائع ہونے کا خطرہ ہے، قوم سوال کرتی ہے کہ مدارس سے طلباء کو بے دخل اوررفاہی ادارے سیل کرکے حکومت کیا پیغام دینا چاہتی ہے؟۔
 
یحییٰ مجاہد نے کہاکہ ساری دنیا جانتی ہے کہ جماعۃالدعوہ ایک محب وطن اور پرامن جماعت ہے جس کیخلاف عدالتوں میں آج تک کوئی الزام ثابت نہیں کیا جا سکا، ملک میں اتحاد و اتفاق کی فضا پیدا کرنے اور رفاہی و فلاحی سرگرمیاں انجام دینے والی اس جماعت کیخلاف یوں کریک ڈاؤن کرنا درست نہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت کی اعلیٰ قیادت نے اس مشکل وقت میں کارکنان کو صبر واستقامت کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ ملک میں افراتفری پھیلانے کی بجائے وطن عزیز پاکستان کے استحکام کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ ترجمان نے کہا کہ عدالتوں نے ہمیشہ جماعۃالدعوہ کے حق میں فیصلے دیئے ہیں، اب بھی ہم ان شاءاللہ قانون سے اپنا حق لیں گے اور پابندیوں کیخلاف عدالتوں سے رجوع کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 781839
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش