0
Thursday 7 Mar 2019 11:35

چینی نائب وزیرخارجہ کی وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں

چینی نائب وزیرخارجہ کی وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے دورے پر آئے چینی نائب وزیرخارجہ کانگ شوآن یو نے وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی نائب وزیر خارجہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی، باہمی تعاون اور پاک بھارت صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  چینی نائب وزیرخارجہ نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں ترجمان دفترخارجہ کے مطابق چینی نائب وزیرخارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ چینی نائب وزیرخارجہ نے سیکریٹری خارجہ سے بھی ملاقات کی جب کہ ملاقاتوں میں آزمائش پر پورا اترنے والی پاک چین اسٹریٹیجک تعاون کی پارٹنر شپ کا اعادہ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان نے چین کی غیرمتزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور چینی نائب وزیرخارجہ کو بھارت سے تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے سے حل کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔ ملاقاتوں میں چینی نائب وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور پارٹنر ہیں اور چین خطے میں امن اور استحکام کیلئے پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چینی نائب وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو تسلیم کیا۔ ترجمان کے مطابق دونوں ملکوں نے مضبوط دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہر سطح پر پاک چین تعاون اور رابطے مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 781857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش