0
Friday 8 Mar 2019 11:25

متعدد چیلنجز کے باوجود خواتین میں آگے بڑھنے کی لگن ناقابل تسخیر ہے، بلاول بھٹو

مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح، بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہماری رول ماڈل خواتین ہیں
متعدد چیلنجز کے باوجود خواتین میں آگے بڑھنے کی لگن ناقابل تسخیر ہے، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی خواتین کی شراکت کو دنیا میں پائیدار ترقی کا اہم ترین جز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب مستقبل خواتین کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پُرامید ہیں کہ خواتین کے حقوق غضب کرنے والے نظام اور ان کی خودمختاری پر قدغنیں لگانے والے رسم و رواج کے لئے یہ صدی قبرستان ثابت ہوگی۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کی پیش قدمی نمایاں اور خوش آئند ہے۔ اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بےنظیر بھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی خواتین تاریخی اعتبار سے بہادر اور پرعزم رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے مقابلے میں موجودہ خواتین بہت آگے آئی ہیں اور اس وقت بھی درپیش متعدد چیلنجز کے باوجود ان میں آگے بڑھنے کی لگن ناقابل تسخیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کی موجودہ ترقی کے پیچھے ایک خاتون کا کردار ناقابلِ فراموش ہے اور وہ ہیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی حکومتوں نے ملک میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی و بہبود کے لئے نمایاں اور انقلابی اقدامات اُٹھائے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ملکی تاریخ میں کسی مین اسٹریم پارٹی کی پہلی خاتون سربراہ، ملک کی پہلی وزیراعظم، قومی اسمبلی کی پہلی خاتون اسپیکر اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں قائد حزب اختلاف جیسے اہم ترین مناصب پر خواتین کو قیادت کا موقع دیا۔ رکن قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک طرف خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے غیرت کے نام پر قتل، صنفی امتیاز، جنسی ہراسگی، گھریلو تشدد، چھوٹی عمر میں شادی اور اسی طرح کے دیگر جرائم کی روک تھام کے لئے قانونسازی کی تو دوسری طرف اعلٰی ایوانوں میں خواتین کو بھرپور نمائندگی دی۔ خواتین کے عالمی دن پر جاری اپنے پیغام میں چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ فرسٹ ویمن بنک، خواتین پولیس، کسان خواتین کو زمینوں سمیت آسان قرضوں کی فراہمی، سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے لئے مختص کوٹے پر مکمل عمل درآمد، خواتین کو چھوٹے کاروبار کے لئے بلا سود آسان قرضوں کی فراہمی اور نادار خواتین کے لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے منصوبے پی پی پی کی حکومتوں نے شروع کئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی کی حکومتوں نے خواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں عملاً خودمختار بنانے کے لئے حقیقی معنوں میں عملی اقدامات اٹھائے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی پی پی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق مستحکم خواتین مستحکم پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شعبہ خواتین) کی مرکزی صدر اور رکنِ اسمبلی فریال تالپور نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ہمارا معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے ملکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح، بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہماری رول ماڈل خواتین ہیں۔ فریال تالپور نے کہا کہ قومی اور سماجی سطح پر ترقی کے لئے خواتین کو اپنا کردار نبھانے کی خاطر مزید آگے آنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں خواتین کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہم سب کو پاکستان میں ایک ایسا  معاشرہ تشکیل دینے کا عزم کرنا چاہئیے، جہاں خواتین اپنی مکمل صلاحیتیں بروئے کار لا سکیں اور ملک کی ترقی کے لئے اپنی بہترین خدمات انجام دے سکیں۔
 
خبر کا کوڈ : 782053
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش