0
Friday 8 Mar 2019 18:54
کوئی سپرپاور یا بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، ہم آخری دم تک لڑینگے

کسی مسلح گروہ یا کالعدم تنظیموں کو کام کرنیکی اجازت نہیں دینگے، وزیراعظم

کسی مسلح گروہ یا کالعدم تنظیموں کو کام کرنیکی اجازت نہیں دینگے، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی سپرپاور یا بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ ہمیں غلام بنالیں گے، یہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، ہم آخری دم تک لڑیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ تھرپارکر کے دوران چھاچھرو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے تھرپارکر سندھ کے علاقے چھاچھرو کے عوام میں صحت کارڈز تقسیم کیے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نریندر مودی کی سیاست انسانوں کو تقسیم کرنا اور نفرتیں پھیلانا ہے، اس لئے پلوامہ کے بعد کشمیریوں کے ساتھ ظلم کیا اور مشتعل ہجوم نے مسلمانوں پر تشدد کیا، الیکشن میں کامیابی کیلئے نریندر مودی نے پاکستان کیخلاف جنگ کا ماحول بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بار بار واضح کیا کہ جنگ نہیں چاہتے، ہم امن چاہتے ہیں، اس لیے بھارتی پائلٹ کو رہا کیا، کسی کو کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اب چاہے بھارت ہو یا کوئی سپر پاور، میں اور قوم آخری گیند تک اپنی آزادی کیلئے لڑیں گے، فوج اور عوام دونوں تیار ہیں، بھارت اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ کچھ کیا، تو جوابی کارروائی نہیں ہوگی۔ مسلح تنظیموں کو کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کسی مسلح گروہ یا کالعدم تنظیموں کو کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، جب سے ہماری حکومت آئی، تو ہم نے اس پر معاملے پر کام کیا، اس کا صرف مقصد پاکستان کی بہتری ہے، پاکستان کی زمین کو کسی قسم کی دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

اقلیتوں کو پورے حقوق دیئے جائیں گے
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ان کے پورے حقوق دیئے جائیں گے، اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے برابر کے شہری ہیں، ان کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی یا ظلم نہیں ہونے دیں گے، نفرتوں اور تقسیم کرنے کی سیاست کو ختم کریں گے، اب وہ دور نہیں رہا کہ لوگوں کو تقسیم کرکے ووٹ حاصل کیے جائیں، ایک آدمی نے اقتدار کیلئے لوگوں میں نفرتیں پھیلائیں، جس سے کراچی کی تباہی ہوئی اور سرمایہ کار ملک چھوڑ کر چلے گئے، اگر ایسی سیاست نہ ہوتی، تو کراچی دبئی کا مقابلہ کر رہا ہوتا۔

زرداری نے اپنے بیٹے کو بھی پھنسا دیا ہے
وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک لیڈر اپنا نام زرداری سے تبدیل کرکے بھٹو بن گیا، بلاول اور ان کے والد یوٹرن کا مطلب سمجھتے، تو مشکل وقت سے نہ گزرتے اور آصف زرداری کرپشن سے یوٹرن لے لیتے، تو عدالتوں کے چکر اور نیب مقدمات نہ بھگت رہے ہوتے، آصف زرداری نے اپنے بیٹے کو بھی پھنسا دیا ہے، بلاول بھٹو نے انگریزی میں جو تقریر کی، وہ شاید ایوان میں بیٹھے بہت سے لوگوں کو سمجھ ہی نہیں آئی ہوگی، جبکہ ن لیگ اور جے یو آئی (ف) کے ارکان قومی اسمبلی بلاول کی انگریزی میں تقریر سن کر گھبرا گئے اور غلط سمت منہ کرکے نماز پڑھ لی۔

غربت ختم کرنا سب سے بڑا مقصد
وزیراعظم نے کہا کہ تھرپارکر پاکستان کا سب سے پسماندہ علاقہ ہے، جو سب سے پیچھے رہ گیا ہے، 75 فیصد تھرپارکر کے لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، 3 سے چار سال میں 15 سو بچے خوراک اور غذائی قلت سے انتقال کر چکے ہیں، میرا اقتدار میں آنے کا سب سے بڑا مقصد لوگوں کو غربت سے نکالنے کی کوشش کرنا ہے، کیونکہ تھرپارکر میں سب سے زیادہ غربت ہے، اس لیے سب سے پہلے یہاں آیا ہوں۔

تھرپارکر کیلئے اعلانات
وزیراعظم نے 2 موبائل اسپتال اور 4 ایمبولینس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موبائل اسپتال میں علاج کے ساتھ آپریشن سمیت دیگر سہولیات مہیا ہوں گے، جبکہ 1 لاکھ 12 ہزار گھرانوں کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا، جس میں وہ 7 لاکھ 20 ہزار روپے میں ہر قسم کی بیماری کا علاج کسی بھی اسپتال سے کرا سکیں گے۔ وزیراعظم نے صاف پینے کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے فوری طور پر 100 آر او پلانٹ بنانے کا اعلان بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 782105
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش