0
Friday 8 Mar 2019 20:25

تبدیلی اور ترقی کے ثمرات صرف پی ٹی آئی وزراء کی خود کی ذات تک محدود ہیں، پیپلز پارٹی

تبدیلی اور ترقی کے ثمرات صرف پی ٹی آئی وزراء کی خود کی ذات تک محدود ہیں، پیپلز پارٹی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ، پی پی پی میڈیا سیل کے ممبر سردار نزاکت اور ضلع شرقی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں گزشتہ روز اسد عمر کا قومی اسمبلی کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کو محب وطنی کے سرٹیفیکیٹ بانٹنے کے بجائے ایسے عمل ترتیب دے جس طرح پیپلز پارٹی کی حکومت اور مرد حر آصف علی زرداری کے دور صدارت میں ملک کے حصار مضبوط اور مستحکم تھے اور ہر طرف محبت، دوستی اور بھائی چارے کی فضاء زیرگردش تھی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر صاحب ذرا سوچیئے کہ وہ اسمبلی کے فلور پر جس کے والد کے بارے میں فرما رہے تھے ان کو تو یہ شرف حاصل ہے کہ ان پر بات کرنا لوگ فخر محسوس کرتے ہیں، مگر آپ تو یہ بھی نہیں کرسکتے اور نہ ہی خود اپنے والد کیلئے کچھ فرما سکتے ہیں کیونکہ تاریخ کی سختیاں، تلخیاں اور ذاتیاں آپ کے کندھوں پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر غلطی سے اسد عمر کو وفاقی وزیر خزانہ بناہی دیا گیا ہے تو وہ عمران نیازی اینڈ کمپنی اور پی ٹی آئی کے خزانے بھرنے کیلئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارنا چھوڑ دیں، ورنہ یہ بات تو آپ بھی قوم کے سامنے اگل چکے ہیں کہ اگلا ’’الیکشن خریدنے‘‘ کی نوبت تو دور عوام آپ کے دروازوں پر حساب مانگنے نہ پہنچ جائے کہ تبدیلی اور ترقی کے ثمرات صرف پی ٹی آئی وزراء کی خود کی ذات کے سوا کہاں ہیں۔ پی پی پی رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر جو میڈیا پر بیرونی امداد اور بیرونی سرمایہ کاری کے سبب پاکستان کے کشکول بھرنے کی گواہی دیتے ہیں، تو پھر بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے کن آقاؤں کو خوش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور قوم کو آئی ایم ایف کی شرائط بتانے سے کیوں قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر کو اپوزیشن کے وقت اشیاء پر اضافی ٹیکس دکھائی دیتا تھا، اب حکومت میں آنے کے بعد کبوتر کی طرح آنکھیں بند ہوگئی ہے یا کردی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 782120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش