QR CodeQR Code

خواتین کی تکریم کو تصور اسلام نے 14 سو سال پہلے متعارف کروایا، زہرا نقوی

8 Mar 2019 20:56

ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نصف سے زیادہ آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور خواتین کو معاشرے کا فعال رکن بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، ہم نصف آبادی کو نظر انداز کرکے ترقی نہیں کر سکتے ہیں۔ خود خواتین کو بھی تعلیمی اور ہنر کے میدان میں آگے بڑھ کر حصہ لینا ہوگا تاکہ خاندان اور معاشرے میں فعال اور مثبت کردار ادا کر سکیں۔


اسلام ٹائمز۔ خواتین کی عزت و تکریم کا تصور چودہ سو سال پہلے اسلام نے متعارف کروایا۔ بطور خاتون سیدہ پاک بی بی فاطمہ زہرا (س) کا کردار تمام امت مسلمہ کی خواتین کیلئے نمونہ عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور پنجاب اسمبلی میں ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی نے لاہور میں یوم خواتین کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج جدید اور مہذب ممالک جس مساوی حقوق کی بات کرتے ہیں، خواتین کو عزت دینے اور ان کو ہراساں کرنے کیخلاف بات کرتے ہیں۔ اسلام نے عرب جیسے معاشرے میں جہاں بیٹیوں کو زندہ درگور کر دیا جاتا تھا، اس معاشرے کو خواتین کی عزت و وقار کا سبق پڑھایا۔

خاتون جنت بی بی پاک زہرا (س) ایک ماں کے روپ میں، ایک بیٹی کے روپ میں، ایک بیوی کے روپ میں مثالی نمونہ ہیں۔ ہمارے لئے جناب سیدہ بی بی زہرا (س) کی ذات اقدس نمونہ عمل ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان میں خواتین کی ترقی اور ان کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتی رہی ہے، پاکستان کی نصف سے زیادہ آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور خواتین کو معاشرے کا فعال رکن بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، ہم نصف آبادی کو نظر انداز کرکے ترقی نہیں کرسکتے ہیں۔ خود خواتین کو بھی تعلیمی اور ہنر کے میدان میں آگے بڑھ کر حصہ لینا ہوگا، تاکہ خاندان اور معاشرے میں فعال اور مثبت کردار ادا کرسکیں۔


خبر کا کوڈ: 782127

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/782127/خواتین-کی-تکریم-کو-تصور-اسلام-نے-14-سو-سال-پہلے-متعارف-کروایا-زہرا-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org