QR CodeQR Code

افغان طالبان کا امریکی حکومت کے بیان سے اختلاف

9 Mar 2019 09:06

امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا حالیہ دور اب تک کا سب سے طویل سلسلہ تھا جو 25 فروری کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں شروع ہوا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ افغان طالبان نے امریکی حکومت کے اس بیان سے اختلاف کیا کہ دوحہ میں امریکی حکومت کے ساتھ ہونے والے مذکرات کے دوران افغان حکومت کے ساتھ بات چیت اور جنگ بندی کے امور زیر بحث رہے۔ اس بارے میں جاری بیان میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ’مذاکرات کے اس دور میں 2 امور زیر غور رہے جن میں مغربی افواج کا افغانستان سے انخلا، اور ملک کو بین الاقوامی عسکریت پسندی کا گڑھ بننے سے روکنا شامل ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادار اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے ان دونوں مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہیں خارجی مسائل قرار دیا۔ اپنے بیان میں طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ ’دیگر مسائل جو اندرونی نوعیت کے تھے یا امریکا سے منسلک نہیں تھے، ان کے بارے میں بات چیت نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ دوحہ میں افغان طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حالیہ دور کے بعد امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان رابرٹ پیلینڈینو نے جو بیان دیا تھا وہ اس سے یکسر مختلف تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’مذاکرات میں جن چار مسائل پر توجہ رہی وہ ایک دوسرے سے وابستہ اور مستقبل کی حکومت ترتیب دینے سے متعلق ہیں۔ ان مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے امریکی ترجمان نے بتایا تھا کہ ’دہشت گردی، فوجوں کا انخلا، بین الافغان مذاکرات اور جنگ بندی شامل ہیں جن پر بات چیت میں خاصی پیش رفت ہوئی۔ خیال رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا حالیہ دور اب تک کا سب سے طویل سلسلہ تھا جو 25 فروری کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں شروع ہوا تھا۔
 


خبر کا کوڈ: 782183

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/782183/افغان-طالبان-کا-امریکی-حکومت-کے-بیان-سے-اختلاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org