0
Saturday 9 Mar 2019 10:19

مسئلہ کشمیر کے حل تک ایٹمی جنگ خارج از امکان نہیں، نیویارک ٹائمز

مسئلہ کشمیر کے حل تک ایٹمی جنگ خارج از امکان نہیں، نیویارک ٹائمز
اسلام ٹائمز۔ امریکی اخبار نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کے خطرات کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خطرات اس وقت تک موجود رہیں گےجب تک دونوں ممالک مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کرتے ہیں۔ نیو یارک ٹائمز نے اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں حملے کے بعد دونوں ایٹمی طاقت کے حامل ہمسایہ ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی میں کمی آئی ہے لیکن مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدہ کوششوں تک ایک اور خطرناک کشیدگی کے خطرات کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اخبار کا کہنا ہے کہ ‘مسئلے کے ساتھ مذہبی اور قومی پہلو جڑے ہوئے ہیں جس کا حل بھارت، پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے درمیان مذاکرات سے ہونا چاہیے، یہ ایک طویل عمل ہے جس کے لیے مرکزی فریقین نے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی لیکن یہ حقیقت کے سوا کچھ نہیں ہے’۔ پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان کی جانب سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو امن کی خاطر خیر سگالی کے طور پر گرفتاری کے دو روز بعد ہی رہا نہیں کیا جاتا تو تنازع قابو سے باہر ہو سکتا تھا۔ نیویارک ٹائمز نے اپنے اداریے میں لکھا کہ ‘وزیراعظم عمران خان نے پائلٹ کو بھارت واپس بھیج دیا جس کو خیرسگالی کے جذبے کے طور پر دیکھا گیا اور انہوں نے مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہوئے حملے کی تحقیقات کا وعدہ کیا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے موقع کو مزید جارحیت کے لیے استعمال کیا’۔  نیو یارک ٹائمز نے اپنے اداریے میں کہا ہے کہ ‘دونوں ممالک خطرناک سرحد پر ہیں جہاں بھارت، پاکستان پر حملہ کرتا ہے اور دونوں ممالک فضائی طور پر بھی آمنے سامنے آتے ہیں، اگلی کشیدگی یا اس کے بعد مزید کچھ ناقابل تصور ہو سکتا ہے’۔ خیال رہے کہ پاک بھارت کشیدگی پر چین اور امریکا سمیت عالمی طاقتوں نے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تجویز دی تھی اور خطے میں سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 782188
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش